راجیہ سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطبہ تحریک تشکر پر مباحث - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-11

راجیہ سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطبہ تحریک تشکر پر مباحث

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں عوام نے بہتر نظم و نسق ، اہل حکمرانی اور استحکام کے حق میں اپنا فیصلہ ظاہر کیا ہے اور پوری دنیا میں اس کا مثبت پیغام گیا ہے ۔ اب ہماری حکوت نے ہر آدمی کی ترقی کے فوائد پہنچانے کی کوشش شروع کدی ہے ۔ مسٹر مختار عباس نقوی نے راجیہ سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک میں بح کا آغاز کرتے ہوئے۳ کہا کہ لوگ کافی امید بھری نظروں سے اس حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ہماری سرکار ان کی امیدوں پر پوری طرح کھرا اترنے کی کوشش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کسانوں نے کافی امیدوں سے اس حکومت کی تشکیل میں تعاون دیا یہ اور اگر ان کی امیدیں پوری نہیں ہوتی ہیں تو عوام کو فیصلہ کرنے کا پورا حق حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں سارے ممالک کے حکمرانوں کی آمد کی وجہ سے دنیا بھر میں ہماری سرکار کامثبت پیغام گیا ہے۔ مسٹر مختارعباس نقوی نے کہا کہ پہلے چھوٹے چھوٹے ملک بھی ہمیں آنکھ دکھاتے تھے لیکن اب وزیر اعظم نے پڑوسی ملکوں سے آنکھیں ملا کر بات کرنے کی بات کہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی حرمت اور سلامتی کو سب سے مقدم رکھ کر تمام ممالک کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو در پیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے وہ سب کی حمایت چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کے انتخابات دوسرے عام انتخابات سے منفرد نوعیت کے تھے جن میں66فیصد سے زیادہ لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اس بار ملک کے عوام نے پوری طرح مسترد کردیا ہے اس کے لئے ان کی پارٹی کا کوئی قصور نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کے انتخابات میں جموں و کشمیر سے کنیا کاری تک پورے ملک کے لوگوں میں جمہوریت کا جذبہ موجزن نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور نکسلزم ملک کے امن پسند عوام کو پریشان کررہا ہے اور پچھلے دس سالوں کے دوران اسے ختم کیاجانا چاہئے تھا مگر ایسا نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی دین یا مذہب کی نظر سے نہیں دیکھاجائے گا اور مسلمانوں میں جو خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے اسے ختم کیاجائے گا۔ بہوجن سماج پارٹی کے ستیش چندرا مشرا نے کہا کہ صدر جمہوریہ کے خطاب میں ترقی پسند اتحاد(یو پی اے) کے گزشتہ خطابوں سے الگ کوئی بات نہیں کہی گئی ہے ،۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے بھی گزشتہ حکومتوں کی طرح لمبے چوڑے وعدے نہیں کئے ہیں لیکن یہ نہیں بتایا ہے کہ کہ انہیں پورا کیسے کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرکار بدعنوانی کی روک تھام کے مسئلے پر اقتدار میں آئی ہے لیکن اس نے اس مخالف کرپشن ادارے لوک پال کے بارے میں کوئی ٹھوس بات نہیں کہی ہے ۔ حکومت نے بیروز گاری دور کرنے کی بات تو کہہ دی ہے لیکن اس کا طریقہ نہیں بتایا ہے ۔ ہر ہاتھ کو ہنر سے آراستہ کرنے کی بات کہی گئی ہے لیکن اس میں نیا کیا ہے کیونکہ ہنر تو ملک کے لوگوں کے پاس پہلے سے موجود ہے پھر بھی روزگار کی کمی ہے جس کو دور کرنے کا کوئی طریقہ نہیں بتایا گیا ہے ۔ بی جے پی سے تعلق رکھنے والے دوسرے لیڈر مسٹر جگ پرکاش نڈا نے کہا کہ اس مرتبہ کے انتخابات میں لوگوں نے ذات پات ، مذہب ، برادری اور علاقائی تعصب سے اوپر اٹھ کر اپنا فیصلہ دیا ہے جو جمہورت کے لئے بے حد اہم ہے
دریں اثناء یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس پر آج سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس نے55سال کی اپنی حکمرانی کے دوران ترقی کے مواقع کو مسدود کر ے ملک کو پسماندگی کی دلدل میں ڈھکیل دیا ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے پیر کے روز دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر شکریہ کی تحریک کرتے ہوئے بی جے پی کے لیڈر راجیو پرتاپ روڈی نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں ملک100کروڑ غرویب لوگوں کے لئے قطعی آگے نہیں بڑھا۔مسٹر روڈی نے کہا کہ نوجوان طبقہ روزگار کے لئے پریشان ہے۔ مزدور پوری اجرت کے لئے پریشان ہیں، صنعت کار ٹیکس نظام اور انسپکٹر راج سے پریشان ہیں ملک ایک عجیب و غریب بحرا ن میں پھنس گیا ہے جب کہ چین جیسے ممالک ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اس انتخاب میں ان صورتحال کا مقابلہ کرنے کے عزم کے ساتھ مسٹر مودی کو لیڈر کی شکل میں پیش کیا اور ملک نے بی جے پی کو فیصلہ کن حمایت دی ۔ مسٹر روڈی نے کہا کہ گجرات ایک عظیم سرزمین ہے اس نے ہمیں مہاتما گاندھی کی شکل میں امن کا عظیم پیمبر دیا ۔ پھر سردار ولبھ بھائی پٹیل کی شکل میں ایک مرد آہن دیا ہے اور آج ہمیں نریندر مودی کی شکل میں وکاس پروش دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں صرف20کروڑ25لاکھ لوگوں کے لئے ملک میں ترقی ہوئی جب کہ100کروڑ غریب نچلے متوسط طبقے کے لئے ملک میں ترقی نہیں ہوئی ۔، روڈی نے کہا کہ پچھلے10سال میں ہر ماہ تقریباً10لاکھ لوگ بے روزگار ہوتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں660یونیورسٹیاں ہیں لیکن دنیا کے100اہم اداروں میں انہیں کوئی مقام حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موقع ملا ہے اب ہم ملک کی تقدیر بدلیں گے ۔ روڈی نے حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوے کہا کہ سیاحت،زراعت اور آبپاشی کے نظام میں توسیع کی جائے گی ۔ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ دیہی علاقوں میں کھیلوں کے لئے ہونہار نوجوانوں کی تلاش کرنے کے لئے قومی کھیل ٹیلنٹ سرچ پروگرام شروع کیاجائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں