کانگریس مثبت اپوزیشن کا رول ادا کرے گی - اپوزیشن قائد غلام نبی آزاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-11

کانگریس مثبت اپوزیشن کا رول ادا کرے گی - اپوزیشن قائد غلام نبی آزاد

راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد نے آج کہا کہ کانگری ایوان میں ایک مثبت اپوزیشن کا رول اد ا کرے گی کیونکہ یہ ایک ذمہ دار پارٹی ہے ۔ مسٹر آزاد نے صدر جمہوریہ کے خطاب کے سلسلے میں شکریہ کی تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اقتدار میں آنے پر بی جے پی کو مبارک باد دی اور کہا کہ بی جے پی 282سیٹوں پر ہی حمایت کی بات کررہی ہے جب کہ کانگریس کو لوک سبھا میں414سیٹیں مل چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کرسی، پیسہ اور عوامی حمایت بڑی کمبخت چیز ہے ۔ یہ ایک مقام پر نہیں رہتی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک ذمہ دار پارٹی ہے اور دنیا کی چند قدیم پارٹیوں میں سے ہے ۔ کانگریس کی پالیسیاں اور پروگرام ہمیشہ ملک کے عوام کے حق میں رہے ہیں اور آگے بھی جاری رہیں گے ۔ مسٹر آزاد نے کہا کہ ایوان میں کانگریس مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی ۔ اور عوام سے منسلک پروگراموں کی حمایت کرے گی ۔ اس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کے مختار عباس نقوی نے شکریہ کی تحریک پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی پارٹی کو اس انتخاب میں بہتر حکمرانی اور خوشحالی کے لئے عوام کی حمایت حاصل ہوئی ہے اس انتخاب میں کانگریس کو محض 44سیٹیں ملی ہیں اور ابھی اسے لوک سبھا میں ا پوزیشن کا درجہ نہیں ملا ہے۔ کانگریس نے مسٹر ملک ارجن کھڑگے کو لوک سبھا میں اپنا لیڈر مقرر کیا ہے ۔مسٹر آزاد نے مودی حکومت کو نوزائیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر جمہوریہ کی تقریر میں جن باتوں کا ذکر کیا گیا ہے وہ سبھی سابقہ ترقی پسند اتحاد حکومت کے ذریعہ شروع کئے گئے پروگرام ہیں ۔، انہوں نے حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ نقل کے لئے عقل کی ضرورت ہوتی ہے ۔ بی جے پی حکومت نے صرف پروگراموں کے ناموں کا ترجمہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوپی اے حکومت نے 16اہم پروگرام بنائے اور ان میں سے90فیصد نافذ بھی کردئیے گئے ۔ دیہی اور شہری علاقوں میں لوگوں کو روزگار فراہم کرانے کے لئے اقدامات کئے۔ سابقہ حکومت نے غریبی کم کرنے پر زور دیا اور اس سلسلے میں مثبت نتائج بھی برآمد ہوئے ۔ سماج کے سبھی طبقات کو روزگار فراہم کرایا گیا اور تقریباً13کروڑ13لاکھ لوگوں کو روزگار دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی حکومت غریبی کو ختم کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو پورا حزب اختلاف اس کے لئے اسے گولڈ میڈل سے نوازے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب صرف ایک ہی ہندوستان کے بارے میں جانتے ہیں اور جہاں تک عظیم ہندوستان کی بات ہے تو اس خطا ب میں ہندوستان کو عظیم بنانے کے لئے کچھ بھی نہیں کہا گیا۔ مسٹر آزاد نے کہا کہ یوپی اے حکومت نے بھی عظیم ہندوستان کی تعمیر کو ذہن میں رکھ کر کام کیا ہے ۔

Azad said the Congress would play a "constructive opposition"

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں