ٹاملناڈو میں پالار ندی پر چیک ڈیمس کی تعمیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-23

ٹاملناڈو میں پالار ندی پر چیک ڈیمس کی تعمیر

چینائی
پی ٹی آئی
ٹاملناڈو کی ڈی ایم کے پارٹی کے صدر ایم کروناندھی نے پالار ندی پر چیک ڈیمس کی تعمیر کے سلسلہ میں اے پی کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے ریمارکس کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی کہ اس سے ٹاملناڈو کے تین اضلاع شدید متاثر ہوں گے جن کے پینے کے پانی کی ضروریات کا اسی دریا پر انحصار ہے ۔ کروناندھی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے کپم میں ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے اپنے علاقہ کی ہمہ گیر ترقی کا وعدہ کیا ہے جس میں دریائے پالار پر ایک ڈیم کی تعمیر بھی شامل ہے ۔ ڈی ایم کے سربراہ نے یاد دلایا کہ ایسی ہی ایک تجویز آنجہانی چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی نے ترک کردی تھی جب کہ ڈی ایم کے اور پی ایم کے نے اس کی سخت مخالفت کی تھی ۔ دونوں پارٹیاں اس وقت یوپی اے کی حلیف تھیں ۔ انہوں نے یہ بھی یاددلایا کہ سال2008میں سپریم کورٹ نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے مرکز سے کہا تھا کہ وہ معاملہ کی یکسوئی عمل میں لائی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا آندھرا پردیش اس وقت تک اس دریا پر ڈیم کی تعمیر عمل میں نہیں لائے گا جب تک کہ مرکزی آبی کمیشن ایک قابل قبول حل دریافت نہیں کرلیتا۔ کروناندھی نے ایک بیان میں کہا کہ پالار ٹاملناڈو کے تین اضلاع ویلور ، تروویلور اور کانچی پورم کو پانی کی ضرورت کی تکمیل کے لئے بڑا ذریعہ ہے ۔ یہ اضلاع آندھرا پردیش کی سرحد سے متصل ہیں ۔ اگر اس دریا پر ڈیم تعمیرکیاجاتا ہے تو تینوں اضلاع کے عوام شدید متاثر ہوجائیں گے ۔ کروناندھی نے مزید کہا کہ وہ اور چندرا بابو نائیڈو نے بحیثیت چیف منسٹرس تلگو گنگا پراجکٹ پر کامیابی کے ساتھ عمل آوری کی تھی جس کے ذریعہ دریائے کرشنا کا پانی چینائی کو سربراہ کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ چندرابابو نائیڈو نے اس وقت ٹاملناڈو کے عوام کی فکرکرتے ہوئے ان کی ضرورتوں کی تکمیل کی تھی ۔، اب میں اس بات پر یقین نہیں کرسکتا کہ وہ جنہیں پڑوسی ریاست کے عوام سے بھی محبت ہے ، دریائے پالار پر چیک ڈیم کی تعمیر کے بارے میں وعدہ کرسکتے ہیں ۔ وجئے واڑہ اور گنٹور کے درمیان آندھرا پردیش کے ایک ورلڈ کلاس شہر کی بحیثیت دارالحکومت تعمیر کے چندرا بابو نائیڈو کے وعدہ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو ایسی ہی تعمیری اقدام پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے بجائے اس کے کہ وہ ایسے اقدامات کریں جن سے عوام کا ایک طبقہ متاثر ہوتا ہو۔

Karuna opposes AP CM's remarks on Palar check dams

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں