نواز شریف کو طالبان سے مقابلے کی متبادل کاروائیوں کی فہرست پیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-12

نواز شریف کو طالبان سے مقابلے کی متبادل کاروائیوں کی فہرست پیش

پاکستانی وزیر اعظم میاں نواز شریف کے فوجی و قومی سلامتی معاونین نے کراچی ایر پورٹ پر ازبیک عسکریت پسندوں کی مدد سے طالبان کے شرمناک حملہ کے بعد دہشت گردی کو کچلنے کے لئے آہنی پنجوں پر مبنی متبادلات کی ایک فہرست پیش کی ہے ۔ نواز شریف نے اپنی قومی سیکوریٹی ٹیم کے ساتھ ایک اعلیٰ اجلاس کی صدارت کی ۔ڈان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی ایرپورٹ پر طالبان حملہ کے بعد یہ میٹنگ ضروری ہوگئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج نے طالبان حملہ کے خلاف سخت تر جوابی کارروائی کی سفارش کی ہے ۔ فوج کی جانب سے سخت تر کارروائی کی سفارش کا جواز یہ پیش کیا گیا کہ تحریک طالبان پاکستان نے اہم اور کلیدی مقامات کو نشانہ بنانا شرو ع کردیا ہے ۔ اور فوج یہ باور کرتی ہے کہ تحریک اب خط سرخ کو پار کررہی ہے ۔ عہدیداروں نے تاہم یہ بتانے سے گریز کیا کہ سخت تادیبی کارروائی کی سفارش سے متعلق فوجی مطالبہ پر رضا مندی ظاہر کی گئی یا اس سے اختلاف کیا گیا۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ وزیر اعظم متفرق متبادلات پر غور کررہے ہیں اور قومی سیکوریٹی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں قطعی فیصلہ ہوگا ۔ عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ قومی سیکوریٹی کمیٹی کا آئندہ اجلاس جاریہ یا پھر آئندہ ہفتہ منعقد ہوگا ۔ دفتر وزیر اعظم سے جاری مختصر بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں علاقائی و داخلی سیکوریٹی سے متعلق بات چیت ہوئی اور خصوصی طور پر فاٹا، کراچی اور بلو چستان پر اس حوالہ سے توجہ مرکوز رہی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف ، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد اور آئی ایس آئی میں انسداد انٹلی جینس میجر جنرل ناصر دلاور شاہ کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیتیں شریک ہوئیں ۔ اجلاس میں حالیہ واقعات پر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی رپورٹس کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ رپورٹس ابتدائی تحقیقات پر مبنی تھیں ۔ دریں اثناء پاکستانی طالبان کے ساتھ تعاون کرنے والے اور ان کے شانہ بشانہ صف آرا ہونے والے ازبیک عسکریت پسند وں نے کراچی میں جناح انٹر نیشنل ایر پورٹ پر اتوار کے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ۔ اسلامک موومنٹ آف ازبکستان نے10افراد پر مشتمل ایک گروپ کی تصویریں شائع کیں جو اے کے47سے لیس تھے اور انہوں نے سیاہ پگڑیاں باندھ رکھی تھیں۔ پوسٹ میں یہ وضاحت بھی کی گئی کہ کراچی کے جناح انٹر نیشنل ایر پورٹ پر حملہ فوجی فضائی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی ہے۔ کراچی ایر پورٹ حملہ میں37افراد ہلاک ہوئے جن میں10عسکریت پسند شامل ہیں ،۔ بندوق برداروں کا ڈی این اے ٹسٹ ہوہارہاہے تاکہ ازبیک نژاد عسکریت پسندوں کی شناخت قائم ہوسکے ۔

Pakistan military presents options to Nawaz Sharif to deal with Taliban

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں