لندن میں الطاف حسین ضمانت پر رہا - کراچی میں حامیوں سے فون پر خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-08

لندن میں الطاف حسین ضمانت پر رہا - کراچی میں حامیوں سے فون پر خطاب

پاکستان کی بااثر مہاجر قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے صدر الطاف حسین کو آج ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ چار روز قبل برطانوی پولیس نے انہیں اخفائے دولت کے الزامات کے تحت گرفتار کرلیا تھا ۔ ایم کیو ایم کے جلا وطن لیڈر60سالہ الطاف حسین کو گزشتہ3جون کو شمالی لندن میں ان کی قیام گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا اور پوچھ تاچھ کے لئے وسطی لندن کے ایک پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تھا ۔ پولیس کے ایک بیان میں الطاف حسین کا نام لئے بغٰیر کہا گیا کہ’’اس 60سالہ شخص کو گزشتہ منگل3جون کو اخفائے دولت کے شبہ میں گرفتار کیا گیاتھا، آج انہیں پولیس ضمانت پر آئندہ جولائی کی کسی تاریخ تک مزید تحقیقات ہونے تک رہا کیا گیا ہے ۔ اپنی رہائی کے جلد بعد الطاف حسین نے ٹیلی فون کے ذریعہ اپنی پارٹی کے ان ارکان مقننہ اور کارکنوں سے خطاب کیا جو کراچی میں احتجاجی دھرنے میں شریک ہیں ۔ ڈان نیوز کے بموجب انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے میری گرفتاری کے خلاف احتجاجی دھرنے میں حصہ لیا ۔ میں اپنی آخری سانس تک سچائی کے لئے لڑتا رہا ہوں گا۔ میں برطانوی قانون کا احترام کرتا ہوں اور برطانیہ کے نظام عدلیہ پر مجھے مکمل اعتماد ہے ۔ میں ایک ریفریشر کورس کے لئے جیل جانے تیار ہوں۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ الطاف حسین سے کل شام7گھنٹے پوچھ تاچھ کی گئی۔ گزشتہ منگل کو گرفتاری کے بعد طبی معائنہ کے لئے انہیں ایک ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ وہ کل اسکاٹ لینڈ یارڈ(برطانوی پولیس) کی تحویل میں واپس آئے۔ قبل ازیں انہوں نے ہسپتال میں3دن گزارے ۔ پولیس نے بتایا کہ ہسپتال سے الطاف حسین کو دوبارہ حراست میں لینے پر اتفاق روئے ، ویلنگٹن ہسپتال کے ذمہ داروں سے مشاورت کے بعد ہوا ۔ ہسپتال میں الطاف حسین کا علاج ہورہا تھا ۔ اخفائے دولت کیس کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور الطاف حسین آئندہ جولائی میں پھر ایک بار پولیس کو رپورٹ کرنے والے ہیں ۔ ان کے ہزاروں حامی، کراچی میں احتجاجی ریالی میں شریک تھے (کراچی، پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور ایم کیو ایم کا گڑھ ہے) الطاف حسین کی رہائی کی خبر ملتے ہی شہر میں گویا جشن کا منظر تھا ۔ میڈیا اطلاعات میں یہ بات بتائی گئی ۔ الطاف حسین1990کے اوائل ہی سے برطانیہ میں ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ پاکستان جائیں تو ان کی زندگی کو جوکھم ہوگا ۔1990کے دہے سے وہ گویا ایک برطانوی شہری بن گئے ہیں اور وہاں از خود جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ میڈی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کی قیام گاہ سے ایک غیر واضح ذریعہ سے موصولہ بعض فنڈس کی دستیابی کے بعد پولیس نے الطاف حسین کے خلاف اخفائے دولت تحقیقات شروع کی ہیں۔ متعلقہ عہدیداروں نے شمالی لندن کے ایڈ گو علاقہ میں ان کے مکان کی تلاشی لی ہے۔ کم از کم 4لاکھ پاؤنڈس(دولت) کے اخفا کے سلسلہ میں الطاف حسین کے خلاف تحقیقات جاری ہیں ۔ ان پر ایک ایم کیو ایم لیڈر ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے سلسلہ میں(لوگوں کو) تشدد پر اکسانے کا الزام ہے ۔ اور اس سلسلہ میں بھی تحقیقات جاری ہیں ۔ برطانوی پولیس نے اخفائے دولت کے شبہ پر لندن میں الطاف حسین کی قیام گاہ پر2002اور2003میں بھی دھاوے کئے تھے ۔ یہاں یہ تذکرہ غیر مناسب نہ ہوگا کہ یم کیو ایم کی تشکیل1984میں عمل میں آئی تھی۔ یہ تحریک بڑی حد تک ان اردوں مائیگرنٹس کی نسل کی نمائندگی کرتی ہے جو ہندوستان سے منتقل ہوئے تھے اور جو1947میں جبکہ پاکستان کی تخلیق عمل میں آئی تھی، وہاں سکونت پذیر ہوگئے تھے ۔

Pakistan's MQM chief Altaf Hussain released on bail in UK, supporters end protest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں