پولا ورم پراجکٹ مسئلہ پر چندر شیکھر راؤ کی مودی سے بات چیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-09

پولا ورم پراجکٹ مسئلہ پر چندر شیکھر راؤ کی مودی سے بات چیت

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ پولا ورم پراجکٹ کو آگے بڑھانے سے قبل چار ریاستوں کے سربراہان میں اتفاق رائے ضروری ہے ۔ چندر شیکھر راؤ نے جو اس وقتدہلی میں ہیں کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس مسئلہ کو رجوع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اوڈیشہ ، چھتیس گڑھ ، تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے بیشتر قبائل متاثر ہوں گے ۔ میں ، وزیر اعظم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ چار چیف منسٹروں کا اجلاس طلب کریں ۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم خود اجلاس طلب کریں اور اتفاق رائے پیدا کریں ۔ وزیر اعظم نے معاملہ پر غور کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اس معاملہ پر بل پیش کیے جانے پر ان کی پارٹی تلنگانہ راشٹرا سمیتی پولا ورم آرڈینٹس کی مخالفت کرے گی۔ چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ عوام کی زمین کو غرقاب ہونے سے بچانے متبادلات ہوسکتے ہیں ۔گزشتہ ماہ حکومت نے مواضعات کے انضمام سے متعلق آرڈیننس میں تبدیلی کی تھی ۔ اس کا مقصد تلنگانہ کے منڈلس کو سیما آندھرا میں شمولیت کے معاملہ کی یکسوئی اور پولا ورم پراجکٹ کے متاثرین کی باز آبادکاری تھا۔ ہمہ مقصدی پراجکٹ کے حصہ کے طور پر آرڈیننس کے ذریعہ باز آبادکاری کرتے ہوئے معاملہ کی یکسوئی کرنا، آبپاشی پراجکٹ اور برقی پیداوار میں معاون ہوگا ۔ آرڈیننس میں ترمیم کے ذریعہ متاثرین کو اسی ریو ینوڈویژن میں اراضی فراہم کی جاسکتی ہے ، جہاں سے انہیں دوسرے مقام پر آباد کیاجائے گا۔ چندر شیکھر راؤ نے نریندر مودی کو تلنگانہ ریاست کی یوم تاسیس میں مدعو کیا ۔ جس سے انہوں نے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ جشن کی تواریخ کو عنقریب قطعیت دی جائے گی ۔ چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ جولائی میں میئرس کے چوٹی اجلاس میں صدارت کے لئے انہوں نے صدر جمہوریہ کو بھی مدعو کیا ہے ۔ انہوں نے دعوت نامہ قبول کرلیا ہے ۔ راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ اجلاس کے دوران انہوں نے نئی ریاست کے عوام کے مطالبات کی فہرست بھی روانہ کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ میں کسی پیکیج کے لئے نہیں کہا، بلکہ مطالبات کی ایک فہرست حوالے کی ہے ۔ انہوں نے کہا مودی نے نئی ریاست سے ممکنہ تعاون کو یقین دلایا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ غیر بی جے پی ریاستوں سے امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ تلنگانہ2جون کو ہندوستان کی29ویں ریاست کی حیثیت سے وجود میں آیا ۔ آئی اے این ایس کے بموجب تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریند ر مودی سے قومی دارالحکومت میں ملاقات کی اور اپنی ریاست کے لئے خصوصی موقف کا مطالبہ کیا ۔ کے سی آر نے بحیثیت چیف منسٹر نئی ریاست کے لئے مالیاتی امداد اور پیاکیج طلب کیا ۔ تلنگانہ راشٹراسمیتی کے سربراہ نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ پولا ورم پراجکٹ کی تعمیر کے ایک حصہ کے طور پر وہ ضلع کھمم کے205مواضعات کے آندھرا پردیش میں انضمام سے متعلق آرڈیننس سے دستبرداری اختیار کریں ۔ چندر شیکھر راؤ نے مودی کو ایک تفصیلی یادداشت پیش کی ۔ ٹی آر ایس ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے پرنہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کو قومی موقف عطا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ قبل ازیں وزیر اعظم کے دفتر نے بتایا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور11ارکان پارلیمنٹ کے وفد نے نئی دہلی میں وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے بھی ملاقات کی۔ ہفتہ کو مودی سے ملاقات کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا تھا ۔ وزیر اعظم نے لفٹننٹ جنرل(ریٹائرڈ) نربھئے شرما گورنر ارونا چل پردیش اور یم کے نارائن گورنر مغربی بنگال سے ملاقات کی ۔ کلاسیکل ڈانسر سونال مان سنگھ نے بھی مودی سے ملاقات کی ۔

KCR Meets PM, Suggests CMs Meet to Discuss Polavaram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں