آندھرا اور تلنگانہ کے اضلاع میں شدید گرمی کی لہر جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-15

آندھرا اور تلنگانہ کے اضلاع میں شدید گرمی کی لہر جاری

حیدرآباد
یو این آئی
آندھرا و تلنگانہ کے اضلاع میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے ۔ آندھرائی اضلاع وجیا نگرم ، وشاکھا پٹنم، مشرقی و مغربی گوداوری، گنٹور ، اور نیلور اور تنلگانہ کے اضلاع کھمم و نلگنڈہ کے علاوہ رائلسیما کے ضلع چتور میں آئندہ تین دن کے دوران گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ان اضلاع میں آئندہ چار دن کے دوران کوئی نمایاں موسمیاتی تبدیلی رونما نہیں ہوگی۔ آندھرا تلنگانہ اور رائلسیما کے چند مقامات پر آئندہ48گھنٹوں کے دوران ہلکی تا اوسط بارش کا بھی امکان ہے ۔ حیدرآباد اور پڑوسی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا ۔ شہر کے کچھ حصوں میں بارش ہوسکتی ہے ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت38ڈگری سلسیس کے آس پاس ریکارڈ کیاجائے گا۔ اسی دوران راجمندری سے پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب اے پی کے ضلع مشرقی گوداوری میں صرف گزشتہ دو دن کے دوران شدید گرمی سے31افراد فوت ہوگئے ۔ یہ ضلع انتہائی سخت گرمی کی لپیٹ میں ہے ۔ گزشتہ دو دن سے درجہ حرارت43تا46ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے بتایا کہ ضلع میں صرف دو دن ے دوران 31افراد فوت ہوگئے۔ ضلع کے پیداپورم راؤلا پالم، کوتہ پلی ، اناپرتی ، رنگم پیٹ ، ممڈی وارم ، ڈولیشورم ، مندا پیٹ،الاورم، الامور ، پرتی پاڈو ، راجمندری ، پی گناورم، پتا پورم ، کوتہ پیٹ، سری رنگم پیٹ ، اور دیگر مقامات میں لو لگنے سے یہ لوگ فوت ہوئے ۔ راجمندری کے سابق رکن پارلیمنٹ97سالہ کے موہن راؤ بھی لو لگنے سے فوت ہوگئے ۔ اسی دوران ضلع کے تمام اسکولوں کو16جون تک تعطیلات دے دی گئی ہیں۔ حکومت کی طرف سے عوام میں شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی اقدامات پر مبنی پرچے بھی تقسیم کیے جارہے ہیں۔

Heat wave to prevail in Coastal AP, Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں