نریندر مودی کے تیقن سے مسلمانوں کو انصاف کی نئی امید - علیگڑھ ادارہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-15

نریندر مودی کے تیقن سے مسلمانوں کو انصاف کی نئی امید - علیگڑھ ادارہ

علی گڑھ
پی ٹی آئی
فورم فارمسلم اسٹیڈیز اینڈ انالیسس(ایف ایم ایس اے) نے جو مسلم دانشوروں پر مشتمل ادارہ ہے ، اپنی ایک قرار داد میں وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمنٹ میں دئیے گئے اس بیان کی ستائش کی ہے کہ اس برادری کے ساتھ منصفانہ سلوک کیاجائے گا ۔ فورم نے کل یہاں ا پنی ایک قرارداد میں کہا کہ وزیر اعظم کے تیقن نے مسلمانوں کو یہ نئی امید بخشی ہے کہ بی جے پی زیر قیاد ت این ڈی اے کے دور حکومت میں ان کے ساتھ انصاف ہوگا اور منصفانہ سلوک کیاجائے گا۔ فورم نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ اعلان کہ ان کی حکومت فرقہ وارانہ تشدد اور دہشت گردی کو بالکل برداشت نہیں کرے گی، ایک مثبت اشارہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تیقن اس بات کو یقینی بنانے میں اہم رول اد ا کرے گا کہ اقتصادی بحالی کے لئے ان کا روڈ میاپ حقیقت بنے۔ اس قرارداد میں اس بات پر بھی زور دیا کہ پارلیمنٹ میں طویل عرصہ سے زیر التوا انسداد فرقہ وارانہ تشدد بل منظور کیاجائے ۔ ایف ایم ایس اے نے زور دے کر کہا کہ اگر مودی حکومت فرقہ وارانہ تشدد کی لعنت سے نمٹنے پرعزم ہے تو اسے اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ این ڈی اے کے دور حکومت میں یہ اہم بل حقیقت بنے ۔ اس کے علاوہ قرار دار میں کہا گیا کہ مدرسوں کو عصری بنایاجانا چاہئے لیکن ان کے انتظامیہ میں دخل دینے حکومت کی جانب سے کوئی کوشش نہیں کی جانی چاہئے۔فورم نے کہا کہ مدارس مسلمانوں کے غریب ترین طبقات میں تعلیم کے فروغ میں اہم رول ادا کرتے ہیں ۔ ایسے مسلمانوں کو اصل دھارے کی تعلیم تک رسائی حاصل نہیں ۔ اگر اس انتظام کو چھیڑا جائے تو مسلمانوں کی سماجی ترقی کا عمل درہم برہم ہوجائے گا ۔ پروفیسر ہمایوں مراد کی زیر صدارت اجلاس میں یہ قرار داد منظور کی گئی۔ پروفیسر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کورٹ کے منتخبہ رکن ہیں اور شعبہ کے سائنس کے سابق ڈین ہیں۔

FMSA hails PM's declaration of fair deal about Muslims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں