یکساں سول کوڈ کے مقررہ مدت میں نفاذ کی درخواست خارج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-06

یکساں سول کوڈ کے مقررہ مدت میں نفاذ کی درخواست خارج

دہلی ہائی کورٹ نے ملک بھر میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی سپریم کورٹ کی ہدایت پر مقررہ مدت میں عمل آوری کے لئے مفاد عامہ کی ایک درخواست مسترد کردی ہے ۔ چیف جسٹس جی روہنی اور جسٹس آر ایس اینڈ لا پر مشتمل بینچ نے سپریم کورٹ کے کئی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے جن میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کسی مخصوص قانون پر عمل آوری کرنے عاملہ کو ہدایت نہیں دے سکتی ، اس درخواست کو خارج کردیا ۔ درخواست گزار مول چند کچیریا نے مفاد عامہ کی درخواست میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے1995میں سرلامدگل بمقابلہ یونین آف انڈیا کیس میں حکومت سے کہا تھا کہ وہ سارے ملک میں شہریوں کے لئے یکساں سول کوڈ نافذ کرے ۔ درخواست گزار نے عدالت سے التجا کی کہ اس ہدایت کو مقررہ مدت میں روبہ عمل لایا جائے۔ انہوں نے مذکورہ رہنما یانہ ہدایات پر بلا رکاوٹ عمل آوری کو یقینی بنانے مذہبی رہنماؤں اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت دینے کی بھی گزارش کی ۔ ہائیکورٹ نے اس درخواست کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے ایسا کہنے کے باوجود کوئی ہدایت جاری نہیں کی تھی جیسا کہ درخواست گزار ہم سے ہدایت جاری کرنے کے لئے کہہ رہے ہیں ۔ لہذا اس درخواست کو قبول کرنے کی کوئی وجہ نہیں پائی جاتی اور اسے خارج کیاجاتا ہے ۔ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلہ میں یہ بھی کہا کہ سرلامدگل کیس میں سنائے گئے اپنے فیصلہ میں سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت کو مشورہ دیاجاتا ہے کہ وہ لاء کمیشن کو اس بات کی ذمہ داری تفویض کرے کہ وہ عصر حاضر میں انسانی حقوق کے تصور کے مطابق ایک جامع قانون تیار کرے ۔ سرلامدگل فیصلہ میں سپریم کورٹ نے ایک ہندو شخص کی دوسری شادی کو کالعدم قرار دیا تھا جس نے اسلام قبول کرنے کے بعد دوبارہ شادی کرلی تھی۔

High Court dismisses plea seeking uniform Civil Code

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں