دہلی یونیورسٹی یو جی سی دباؤ پر مجبور - 4 سالہ انڈر گریجویٹ پروگرام منسوخ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-28

دہلی یونیورسٹی یو جی سی دباؤ پر مجبور - 4 سالہ انڈر گریجویٹ پروگرام منسوخ

نئی دہلی
آئی اے این ایس
دہلی یونیورسٹی نے آج اعلان کیا کہ وہ گزشتہ سال شروع کئے گئے متنازعہ 4سالہ انڈر گریجویٹ کورس کو ختم کررہی ہے اور سابقہ تین سالہ پروگرام بحال کررہی ہے ۔ وائس چانسلر دنیش سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یونیورسٹی نے4سالہ انڈر گریجویٹ پروگرام واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اب اسی اسکیم کے تحت نئے داخلے دیے جائیں گے جو2012-13کے تعلیمی سال کے دوران یونیورسٹی کے تمام کالجوں میں نافذ تھی ۔ بیان میں کہا گیا توقع کی جاتی ہے کہ ہمارے کالجوں کے پرنسپلس داخلوں کا عمل وضع کرنے اور اس کی تیزی سے تکمیل کو یقینی بنانے میں مدد کریں گے ۔ دنیش سنگھ نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی یہ سمجھ چکی ہے کہ طلباء کے مفادات کے تحفظ کے لئے داخلوں کا عمل شروع کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو یونیورسٹی اور یوجی سی کے درمیان تنازعہ کے سبب رکا ہوا ہے ۔ یوجی سی کے ایک عہدیدار نے قبل ازیں آئی این ایس کو بتایا تھا کہ دہلی یونیورسٹی نے تین سالہ انڈر گریجویٹ کورس بہت جلد دوبارہ شروع کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ جاریہ تعلیمی سال کے لئے یونیورسٹی کے کالجوں میں داخلے منگل سے شروع ہونے والے تھے لیکن یوجی سی کی جانب سے یونیورسٹی کو چار سالہ پروگرام ترک کردینے کی ہدایت دیے جانے کے بعدیہ عمل رک گی اتھا جس کی وجہ سے ہزاروں طلباء متاثر ہوئے ۔4سالہ انڈر گریجویٹ کورس کی بعض طلباء اور اساتذہ گروپس جن میں حکمراں بی جے پی سے تعلق رکھنے والے گروپس بھی شامل ہیں ، کی جانب سے سخت مخالفت کی جارہی تھی ۔ قبل ازیں یونیورسٹی اور یوجی سی کے رمیان تعطل کے دوران مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے یہ واضح کردیا تھا کہ ہر قیمت پر طلباء کے مفادات کا تحفظ کیاجانا چاہئے ۔انہوں نے فریقین سے کہا تھا کہ وہ اسے وقار کا مسئلہ نہ بنائیں ۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ بردباری سے کام لینے کا وقت ہے ۔ یو این آئی کے بموجب دہلی یونیورسٹی نے یو جی سی کے دباؤ کے آگے گھٹنے ٹیکتے ہوئے آج 4سالہ انڈر گریجویٹ کورس واپس لے لیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ میں غیر یقینی کی کیفیت ختم ہوگئی ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر دنیش سنگھ نے ملحقہ کالجوں کے پرنسپلس سے کہا ہے کہ وہ 3سالہ انڈر گریجویٹ کورس اسکیم کے تحت داخلوں کا عمل شروع کریں جو 2012-13کے دوران جاری تھی ۔دہلی یونیورسٹی نے کل یو جی سی کو تجویز پیش کی تھی کہ وہ صرف انڈر گریجویٹ آنرس ڈگری پروگرام کے لئے تین سالہ کورس کی پیشکش کرے گی جس میں چوتھے سال کو اختیاری بنایاجائے گا۔ یوجی سی نے چار سالہ پروگرام کو منسوخ کرنے اپنے تازہ الٹی میٹم میں یونیورسٹی سے کہا تھا ہ وہ مزید تاخیر کے بغیر آج ہی تین سالہ کورسس میں داخلے شروع کرے۔

Under UGC pressure, 4-year-undergraduate programme rolled back

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں