عمل سے فارغ ہوا مسلماں بنا کے تقدیر کا بہانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-26

عمل سے فارغ ہوا مسلماں بنا کے تقدیر کا بہانہ

Jyoti-Ram-the-cobbler-father-of-a-MP-Son
خواجہ بھائی تقریباً 2 مہینے کی غیرحاضری کے بعد اب دوبارہ پبلک گارڈن میں واک کے لئے آنے لگے تھے، ان کی واپسی پر ان کے ہم عمر دوست احباب نے ان سے دعوت کا مطالبہ بھی کر ڈالا کہ خواجہ بھائی! آپ تو اپنے لڑکے کے ہاں آسٹریلیا جاکر آئے ہیں، اس خوشی میں تو دعوت بنتی ہے۔ دعوت کا اصرار اس لئے بھی کیا جارہا تھا کہ پبلک گارڈن میں مارننگ واک کے لئے آنے والے جس گروپ میں خواجہ بھائی شامل تھے، اسی گروپ کے احمد بھائی اب رمضان المبارک میں اپنے بچے کے ہاں سعودی عرب جانے والے تھے۔ یہ کوئی نیا رجحان نہیں ہے۔ 40 سے 50 سال کی عمر کے ہمارے بزرگوں میں اکثر کے یہی حالات ہیں، جن صاحب نے یہ قصہ سنایا، ان کے مطابق گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران احمد بھائی پانچ برس تو رمضان المبارک کے دوران اپنے بیٹے ۔بہو کے ہاں سعودی عرب جاچکے ہیں اور اس گروپ کے دیگر افراد میں بعض احباب دبئی، ایک صاحب لندن اور ایک صاحب ایک سے زائد مرتبہ امریکہ میں اپنے بچوں کے ہاں ہو آئے ہیں۔ پہلے یہ لوگ کیا کام کرتے تھے، کسی کو نہیں بتاتے اورگزشتہ چار پانچ برسوں میں اس گروپ کے درمیان مارننگ واک کے بہانے اچھی خاصی دوستی اور دوستانہ ماحول پروان چڑھ گیا۔ یہاں تک کہ یہ لوگ آپس میں ایک دوسرے کو اپنے گھر کی دعوتیں بھی دینے لگے ہیں جن صاحب نے یہ قصہ سنایا، سارے حالات ویسے ہی ہیں۔ بالکل حقیقت پر مبنی ہاں اگر کچھ تبدیلی کی گئی ہے تو وہ ان افراد کے نام بدل دیئے گئے ہیں۔ اب جب بھی یہ بزرگ حضرات بات کرتے ہیں تو ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے دورۂ آسٹریلیا، سعودی عرب، دبئی، لندن اور امریکہ میں اپنے مشاہدات کا حوالہ ضرور دیتے ہیں۔ گرما کے اس موسم میں ایک مرتبہ یہ گروپ، آئسکریم کھانے بیٹھا تب بھی ہر فرد الگ الگ ملکوں میں اپنے آئسکریم کھانے کے تجربات بیان کرنے لگا۔ جن صاحب نے یہ روداد سنائی ان کے مطابق بظاہر تو ان بزرگوں کے بیرونی دوروں میں کوئی خرابی نہیں ہے لیکن اگر یہ لوگ ان دوروں سے اجتناب کرتے تو شاید ان کے بچوں کے لئے لاکھوں کی بچت ممکن تھی کیونکہ جو بھی بچے باہر گئے ہیں، وہ سیر و تفریح کے لئے نہیں بلکہ حلال طریقہ سے اچھی آمدنی حاصل کرنے اور اچھا کماکر اپنا اور اپنے افرادِ خاندان کا مستقبل محفوظ کرنے کے لئے گئے ہیں۔ ان بچوں نے جب کمانا شروع کیا اور گھر پیسے بھیجنے لگے تو ان کے والدین کے لئے اب وہ کام کرنا معیوب ہوگیا جو کہ وہ کل تک کیا کرتے تھے۔ کیا اس صورتِ حال کے لئے صرف وہی لوگ ذمہ دار ہیں؟ آپ کا کیا خیال ہے؟ آپ کے اطراف و اکناف میں ایسے لوگ نہیں ہے۔ اگر ہیں تو کیا صرف وہی قصوروار ہیں کہ بچے جیسے ہی کمانے لگے۔ انہوں نے کام کاج سے منہ موڑ لیا؟ ہم بھی کہتے ہیں جب کسی کے لڑکے بیرون ملک ملازمت کرنے لگتے ہیں تو ارے حنیف بھائی اب تو آپ کے آرام کرنے کے دن آگئے، آرام سے کھاؤ پیؤ اور عیش کرو ،اب آپ کو دن رات پسینہ بہانے کی کیا ضرورت؟
کوئی بیماری نہیں صرف یہ کہہ کر کام چھوڑ دینا کہ اب بچہ کمانے لگا ہے۔ میں کیوں کام کروں تو بچے کی زندگی کا کیا ہوگا، وہ کب بچت کرے گا، اور بچت نہیں کرسکا تو بچے کو تو مرتے دَم تک کام ہی کرتے رہنا ہوگا۔ نہیں نہیں مجھے ایسا نہیں سوچنا چاہئے، معلوم نہیں مجھے ایسے خیالات کیوں آتے ہیں۔ اگر بچے فرماں بردار اور والدین کے اطاعت گزار ہیں، وہ اپنے والدین کو اپنی خوشی سے بیرونی ممالک بلانا چاہتے ہیں اور بار بار حج و عمرے کے لئے بھیجنا چاہتے ہیں۔ تو میں کون ہوتا ہوں، غلط سوچنے والا۔۔۔
یہ اور ایسے ہی بے شمار خیالات ذہن میں سوار تھے اور پھر ایک دن ہماری نظر پنجاب سے شائع ہونے والے ایک بڑے اخبار "پنجاب کیسری" میں شائع ہونے والی ایک خبر پر پڑی تو فوری ان بزرگ حضرات کے گروپ کا خیال آیا جوکہ پبلک گارڈن میں واک کرتے ہیں اور جن کے متعلق واضح طور پر گروپ میں سبھی کو نہیں معلوم کے ان کے بچوں کے باہر جانے سے پہلے یہ لوگ کیا کام کرتے ہوں گے، اگر کوئی اعلیٰ عہدے پر فائز رہے ہوں گے تو ضرور فخریہ طور پر اس کا بھی ذکر کرتے تھے، ویسے بھی یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ ہر کام ،کام ہی ہوتا ہے، چھوٹا یا بڑا نہیں ہاں چھوٹی تو سوچ ہوتی ہے اور یہی چھوٹی سوچ ہمارے مسلم سماج کو اندر ہی اندر دیمک کی طرح کھائے جارہی ہے۔

7 جون 2014ء کو "پنجاب کیسری" نے ایک زبردست خبر شائع کی جس کی سُرخی تھی "بیٹا! سانسد (رکن پارلیمنٹ ) بن گیا پر جوتیاں بنانی نہیں چھوڑی"۔ خبر کی تفصیلات کے مطابق ریاست ہریانہ کے حلقہ لوک سبھا انبالہ سے رتن لال کٹاریہ دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے رکن بن گئے ہیں، ان کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ رتن لال کٹاریہ کے والد جیوتی رام آج بھی بقید حیات ہیں اور بدستور اپنا آبائی پیشہ اپنائے ہوئے ہیں۔ جی ہاں! جیوتی رام ایک موچی ہیں اور ان کے چار بیٹے ہیں۔ "پنجاب کیسری" کے ٹیلی ویژن چیانل سے بات کرتے ہوئے جیوتی رام کہتے ہیں کہ موچی کے طور پر مزدوری کرتے ہوئے میں نے اپنے چاروں بیٹوں کو پڑھایا لکھایا اور بڑا بنایا مجھے فخر ہے کہ میں نے رتن لال کٹاریہ کو بی اے، ایم اے اور پھر ایل ایل بی کروایا۔ اب میرا بیٹا پارلیمنٹ کا رکن بن گیا ہے اور مجھے اپنے ساتھ رہنے بلاتا ہے لیکن مجھے اپنی محنت مزدوری پر فخر ہے اور ریاست ہریانہ کے علاقہ لاڈوا میں اپنی چھوٹی سی دوکان پر جوتے بنانے کا کام کرتے ہوئے جیوتی رام فخر کا اظہار کرتے ہیں کہ میری جس محنت کے سبب میرے بچے بڑے بنے ہیں، میں اس کو کیسے چھوڑ سکتا ہوں۔
یہ سادگی نہیں تو اور کیا ہے ، اسے ہی کہتے ہیں اپنی حقیقت کو نہیں بھولنا۔جیوتی رام کی کہانی میں ہمیں کئی اسباق سیکھنے کو ملتے ہیں کیا ہم سیکھنے کے لئے تیار نہیں، میرے ہاں تو کئی بہانے ہیں، میں تو کہتا ہوں کہ کیا اب ہمیں ایک موچی سے سیکھنا پڑے گا؟ ارے جناب چلتے چلتے آپ بی جے پی کے لوگوں سے سیکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں؟ افسوس ہے مجھے بی جے پی جیسے ہی اقتدار میں آئی آپ کو بی جے پی کے لوگ بھی اچھے لگنے لگے ہیں اور آپ اپنی ہی قوم کے لوگوں میں برائیاں ڈھونڈنے لگے ہیں۔ ٹھیک ہے یہ اور ایسے ہی بے شمار بہانے میرے ہاں بھی ہیں لیکن میرا سوال بدستور اپنی جگہ برقرار ہے۔ اگر ہم اور آپ میں سے کسی کا عزیز رکن پارلیمنٹ بن جائے تو کیا ہمارے ہاں ایسی سادگی باقی رہے گی جیسی کہ رتن لال کٹاریہ کے والد کے ہاں ہے۔ ہمارا تو یہ عالم ہے کہ اگر کسی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ہماری تصویر بن جائے تو ہمارے چلنے پھرنے اور بات کرنے کا انداز ہی بدل جاتا ہے، دوسری بات جو مجھے معلوم ہے، اگر غلط ہو تو کوئی اس کی تصحیح کردے حضرت علیؓ سے منقول ہے کہ "حکمت کی باتیں مومن کا گمشدہ اثاثہ ہے جہاں سے بھی ملے، لے لو" انگریزی کے میگزین "آؤٹ لُک" نے اگست 2009ء میں ایک خصوصی اسٹوری شائع کی تھی جس کی سرخی "Age is No Bar" تھی، اس اسٹوری میں ایسے بزرگ اور معمر افراد کی کامیابی کو اُجاگر کیا گیا تھا جنہوں نے اپنی عمر سے قطع نظر چلتے رہنے، آگے بڑھنے اور محنت کرنے سے کبھی بھی اپنا دامن نہیں چھڑایا۔ "آؤٹ لُک" کی اسٹوری میں 70 سالہ بی ایم ویش کا بھی ذکر تھا جوکہ اتنی عمر کے باوجود کاروبار کرنا بند نہیں کیا تھا، انہوں نے میگزین کو بتلایا تھا کہ اگر میں اپنا کام بند کردوں اور کھیلنے لگوں تو مر ہی جاؤں گا۔ 70 سال کی عمر میں گڑگاؤں (ہریانہ) کے ویش صاحب اپنے پوتروں کے ساتھ مل کر جرمنی کی ایک کمپنی کے تعاون سے ایک نیا بزنس شروع کرنے جارہے تھے۔
برطانوی اخبار "The Guardian" میں جان ڈین کی ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق 50 برس سے زائد عمر کے برطانوی شہریوں میں اپنا کاروبار شروع کرنے کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے۔ صرف کاروبار کا آغاز کرنے کے معاملے میں ہی نہیں بلکہ 50 برس سے زائد کی عمر والے ان اصحاب کے کاروبار میں کامیابی کا تناسب بھی بہترین ہے اور اس صورتِ حال سے نوجوان کاروباریوں کو رشک آرہا ہے۔
رواں برس جنوری 2014ء میں انگریزی کی میگزین کریر 360 میں مکتا لال نامی خاتون کی ایک خبر شائع ہوئی جس میں بتلایا گیا کہ 68 برس کی یہ خاتون عمر کے اس حصے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے فاصلاتی امتحان کے مرکز سے اُردو سیکھنا شروع کرتی ہے اور اب اُردو سے ہندی ترجمہ کا کام کررہی ہے۔ کون ہے یہ مکتا لال تو یہ جاننا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ یہ بزرگ خاتون پروفیسر جگن ناتھ آزاد کی صاحبزادی ہیں اور اب وہ اُردو سے ہندی میں ادبی مضامین ترجمہ کررہی ہیں۔
ڈھونڈو تو راستے بہت ہیں اور بہانے بھی بہت ہیں۔ کام کرنے کے لئے چلو تو کام کرنے کا فائدہ پیسے کی شکل میں ضرور ملے گا اور صحت کے لئے واکنگ بھی ہوجائے گی، اور آپ اگر صرف بیماری کے سبب واک کرنا چاہتے ہیںیا صحت کی برقراری کے لئے چہل قدم کرنا چاہتے ہیں تو آپ کی مرضی کیونکہ زندگی آپ کی، بچے آپ کے اور فیصلہ تو آپ کو ہی کرنا ہے اور مجھے کیا کرنا چاہئے ، مجھے طئے کرنا ہے بقول اشفاق احمد صاحب مرحوم :
"جب تم کسی میں عیب دیکھو تو اسے اپنے اندر تلاش کرو، اگر اسے اپنے اندر پاؤ تو اسے نکال دو، یہ حقیقی تبلیغ ہے۔ اسے بزرگان دین تلاوت الوجود کہتے ہیں"۔
اے اللہ ! تو ہم سب کے لئے آسانیاں پیدا فرما اور ہمیں دوسروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے والا بنا۔

بقول علامہ اقبالؔ
پتا نہیں کیا ہے نام اس کا خدا فریبی کہ خود فریبی
عمل سے فارغ ہوا مسلماں بناکے تقدیر کا بہانہ

***
پروفیسر مصطفیٰ علی سروری
اسوسی ایٹ پروفیسر ، ڈپارٹمنٹ آف ماس کمیونکیشن اور جرنلزم ، مولانا آزاد اردو یونیورسٹی ، حیدرآباد۔
sarwari829[@]yahoo.com
موبائل : 9848023752
مصطفیٰ علی سروری

Forgetting our roots with an excuse of fate. Article: Prof. Mustafa Ali Sarwari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں