سونیا اور راہل گاندھی کو دہلی کی پٹیالہ ہائی کورٹ کا سمن جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-27

سونیا اور راہل گاندھی کو دہلی کی پٹیالہ ہائی کورٹ کا سمن جاری

نئی دہلی
ایجنسیاں
دہلی کی پٹیالیہ ہائی کورٹ نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی کو سمن جاری کیا ہے ۔ دونوں کو7اگست کو کورٹ میں پیش ہونے کے لئے کہا گیا ہے ۔ یہ سمن نیشنل ہیرالڈ کیس میں جاری کیاگیا ہے ۔ کورٹ نے کانگریس لیڈروں آسکر فرنانڈیز اور موتی لال وورا کوبھی کورٹ میں پیش ہونے کے لئے کہا ہے ۔ یہ کیس بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے دائر کیا ہے۔ سوامی نے الزام لگایا ہے کہ ملزمان نے کانگریس کے فنڈ کو ذاتی پراپرٹی میں لگا کر اپنے مفاد کے لئے استعمال کیا ۔ ان کا الزام ہے کہ ہیرالڈ ہاؤس کے نام سے جو1600کروڑ روپے کی جائیداد ہے اس کا استعما ل ذاتی مفاد کے لئے کیاجارہا ہے ۔ یہ جائیداد ایسوسی ایٹ جرنلس لمٹیڈ کی ملکیت ہے اور سوامی کا الزام ہے کہ گاندھی خاندان نے خاموشی سے اس کا کنٹرول ا پنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔ سوامی نے الزام لگایا کہ ان دونوں نے خاموشی سے دی ایسو سی ایٹس جرنلس لمٹیڈ(ٹی اے جے ایل) کمپنی کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ۔، یہ کمپنی نیشنل ہیرالڈ اخبار کی اشاعت کی ملکیت رکھتی ہے جس کے پاس11منزلہ عمارت کا مالکانہ حق بھی ہے۔ سوامی کے مطابق نئی دہلی کے بہادر شاہ ظفر مارگ پر واقع ہیرالڈ ہاؤس کی قیمت تقریباً1600کروڑ روپے کی ہے۔ ہیرالڈ ہاؤس کو پاسپورٹ آفس کےء لئے کرایہ پر دیا گیا ہے جب کہ سوامی کا الزام ہے کہ اس کا استعمال صرف پبلشنگ ہاؤس کے طور پر ہوسکتا ہے ۔ سوامی نے مطالبہ کیا ہے کہ سونیا اور راہول گاندھی کا پاسپورٹ لے لیا جائے تاکہ یہ لوگ ملک سے باہر نہ جاسکیں ۔ معاملے میں7سال کی جیل سے لے کر عمر قید تک ہوسکتی ہے ۔ سوامی نے کہا کہ اے آئی سی سی نے26فروری2011کو ٹی اے جے ایل کی90کروڑ روپے کی دینداری کو اپنے ذمہ لیا ۔ اس کے ساتھ ہی سوامی نے یہ الزام بھی لگایا کہ بعد میں50لاکھ روپے کی معمولی رقم سے ینگ انڈین کمپنی میں تازہ شیئر لئے گئے جس سے مکمل کنٹرول ان کے ہاتھ میں آگیا ۔ کمپنی ینگ انڈین میں سونیا اور راہل کی 38-38فیصد حصہ داری ہے ۔، اس کی باقی حصہ داری کانگریس لیڈر موتی لال وورا اور آسکر فرنانڈیز میں برابر تقسیم ہوئی ہے ۔ سوامی نے کہا چونکہ ہیرالڈ ہاؤس کو مرکزی حکومت نے اخبار چلانے کے لئے زمین دی تھی اس لحاظ سے اسے کاروباری مقصد کے لئے استعمال نہیں کیاجاسکتا لیکن پاسپورٹ سروس سینٹر کا آپریٹ ہیرالڈ ہاؤس سے ہی ہورہا ہے ۔ دریں اثناء پٹیالہ ہاؤس عدالت کی میٹرو پولٹن مجسٹریٹ گومتی منو چا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر سبرا منیم سوامی کی عرضی پر سماعت کے دوران ان دونوں کے علاوہ پانچ دیگر کانگریسی لیڈروں کو سمن جاری کیا۔ جن میں موتی لال ووہرا ، آسکر فرنانڈیز ، اور سیم پیترودا بھی شامل ہیں۔ محترمہ منو چا نے ان سب کو سات اگست کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بادی النظر میں ملزموں کے خلاف ثبوت پائے ہیں ۔ سب کو سات اگست کو پیش ہونے کا حکم دیاجاتا ہے ۔ قبل ازیں عدالت نے کمپنی رجسٹرار کو بھی طلب کیا تھا۔

Delhi court summons Sonia Gandhi, Rahul Gandhi in National Herald case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں