2 ہزار کروڑ روپے کی ویٹ [VAT] چوری کا پردہ فاش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-28

2 ہزار کروڑ روپے کی ویٹ [VAT] چوری کا پردہ فاش

نئی دہلی
ایس این بی
دہلی سرکار کے سیلس ٹیکس محکمہ نے گزشتہ ایک سال میں تقریباً2000کروڑ روپے کے ویٹ چوری کا پردہ فاش کیا ہے۔ ٹیکس کی اتنی بڑی چوری گزشتہ ایک سال کے اندر میں ہی کی گئی ہے ۔ جب کہ دہلی سرکار نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس( ویٹ) کا نظم سال2005سے کیا ہے۔ گزشتہ سال ویٹ ادائیگی کے نظم کو آن لائن کردیا گیا جس سے اتنے بڑے پیمانے پر ٹیکس کی چوری کا معاملہ روشنی میں آیا ۔ اس پورے معاملہ میں راجدھانی کے2000سے زیادہ ایسے تاجر شامل ہیں جن کا سالانہ ٹرن اوور100کروڑ روپے سے زیادہ ہے ۔ لیکن وہ10ہزار روپے بھی ٹیکس نہیں دیتے ہیں ۔ ویٹ ادائیگی کے آن لائن نظم سے تاجر کا اسٹاک ، سیل اور ادا کیے گئے ٹیکس کی رقم سیلس ٹیکس افسران کو ہمیشہ دستیاب رہتی ہے جس کی بنیاد پر اس ٹیکس چوری کے معاملے کا پتہ لگایا گیا ہے ۔ سیلس ٹیکس محکمہ کے کمشنر پرشانت گوئل نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے ویٹ ادائیگی کے کمپیوٹر پر دستیاب اعداد و شمار میں واضح ہوا ہے کہ سیکڑوں ایسے تاجر ہیں جن کا ٹرن اوور100کروڑ روپے سے زیادہ ہے لیکن وہ10ہزار سے کم ویٹ ادائیگی کررہے ہیں، ان کے پاس ہمیشہ بڑے اسٹاک بھی دستیاب رہتے ہیں ، اس شبہ کی بنیاد پر ویٹ ڈپارٹمنٹ کی انفورسمنٹ ٹیم نے تاجروں کے پتے پر ان کی تلاش کی توان کا کوئی پتہ اور ٹھکانہ نہیں ملا۔ ایسے150تاجروں کے لائسنس رد کیے جاچکے ہیں لیکن اندازہ کے مطابق ایسے بوگس تاجروں کی تعداد2000سے زیادہ ہے اس لئے ویٹ افسران نے ایسے لوگوں کے خلاف سخت مہم چھیڑ دی ہے۔ ایسے تاجروں کی ایک بڑی فہرست سیلس ٹیکس محکمہ نے بنائی ہے اور ان پر فوری کارروائی کی جارہی ہے ۔ تھانہ میں20ایف آئی آر بھی درج کرائی جاچکی ہے ۔ اس کے علاوہ انکم ٹیکس محکمہ بھی ایسے تاجروں کو نوٹس جاری کررہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بڑی لکڑی اور فرنیچر تاجر ، کرانہ ، میٹل تاجر ، پلاسٹک اور لوہا تاجر بھی اس میں شامل ہیں۔ انفورسمنٹ ٹیم کے زریعہ ان سبھی بڑے تاجروں کی تلاش جاری ہے جو اس ٹیکس چوری میں شامل ہیں ۔ ساتھ ہی سیلس ٹیکس محکمہ ویٹ کے ضوابط میں تبدیلی کرکے سخت ضوابط کے التزام پر بھی غور کررہا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح سے ٹیکس کی چوری پر روک لگا ئی جاسکے ۔ حالانکہ اس دو ہزار کروڑ کی ویٹ چوری میں پورے شہر کے تاجر شامل ہیں ۔ لیکن روہنی ، شالیمارباغ ، کوٹلہ، ساؤتھ ایکسٹینشن ، کنگس وے کیمپ ، تیمار پور ، مکھرجی نگر ، ماڈل ٹاؤن ، جی ٹی روڈ انڈسٹریل حلقہ، بادلی انڈسٹریل حلقہ، سنجے گاندھی ٹرانسپورٹ نگر، کملا نگر میں زیادہ تاجراس میں شامل ہیں۔ سیلس ٹیکس محکمہ نے کمپیوٹر میں دستیاب اعداد و شمار کو زون میں بانٹ کر گھپلہ کرنے والوں کو نشان زد کیا ہے اب سخت کاررواء کر کے اس دو ہزار کروڑ کی ٹیکس چوری میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت مہم چلائی جائے گی۔

Delhi VAT bogus traders

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں