سنکیانگ میں چین کی کاروائی - ایک ماہ میں 380 افراد گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-24

سنکیانگ میں چین کی کاروائی - ایک ماہ میں 380 افراد گرفتار

بیجنگ
رائٹر
چین کے مغرب میں واقع مسلم اکثریتی صوبے سنکیانگ میں سرکاری حکام کی جانب سے گزشتہ ایک مہینے پر محیط تلاشی مہم میں380مبینہ دہشت پسندوں کو گرفتار کیا گیا ۔ چین کی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک مہینے پر محیط اس داروگیر مہم میں شدت پسندوں کے32ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا ہے ۔ چینی حکومت نے ملک میں شدت پسندوں کی طرف سے کئے جانے والے کئی حملوں کے بعد یہ قدم اٹھایا ہے ۔ چینی حکومت کا الزام ہے کہ یہ حملہ سنکیانگ میں مقیم مسلم شدت پسندوں کی طرف سے کیاجاتا ہے ۔ واضح رہے کہ چین کی انتظامیہ مسلم ایغور آبادی پر مشتمل سنکیانگ میں عوام کی برہمی کا سامنا کررہی ہے ۔ یہاں کی عوام کا الزام ہے کہ چین نے ان کی مذہبی، لسانی اور ثقافتی آزادی سلب کرلی ہے ۔ دوسری طرف چین کا الزام ہے کہ یہاں کے مسلم باغٰ اس ریاست کو چین سے علیحدہ کر کے آزاد مشرقی ترکستان نامی ریاست کی تشکیل کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ چین کی سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ اب تک314افراد دہشت گردی سے متعلق معاملات میں مقدمہ چلایا گیا ہے جن میں سے کم از کم13افراد کو سزائے موت دی جاچکی ہے۔ اپنی تلاشی مہم میں پولیس نے264دھماکہ خیز آلات ،357ہتھیار کے ساتھ ساتھ دس ایسے کمپیوٹر بھی برآمد کئے ہیں جن میں قابل اعتراض مواد موجود تھے ۔ سرکاری میڈیا نے ہتھیاروں کے ضبط کئے جانے کی تفصیل بتاتے ہوئے یہ تمام سامان آکسو شہر سے گوبی کے صحراء تک کے مقام سے ضبط کئے گئے ہیں ۔ میڈیا میں مقامی افراد کی طرف سے اس مہم کو دی جانے والی حمایت کی بھی خوب ستائش کی گئی اور کہا گیا کہ مقامی افراد کی نشاندہی سے مشتبہ لوگوں کی یہ گرفتاریاں ممکن ہوئیں ۔ دوسری جانب ایغور کے کئی گروپوں اور انسانی حقوق کی کارکنان نے کہاہے کہ حکومت کی مسلمانوں کے خلاف جابرانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہی ملک میں شدت پسندوں کو ہوا ملی ہے ۔

China arrests 380 in first month of 'terrorism' crackdown

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں