عام آدمی پارٹی تاش کے پتوں کے مماثل - پرکاش سنگھ بادل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-02

عام آدمی پارٹی تاش کے پتوں کے مماثل - پرکاش سنگھ بادل

چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل نے عام آدمی پارٹی کو تاش کے پتوں کے مماثل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی بکھرنے کے دہانے پر آپہنچی ہے ۔، انہوں نے وضاحت کی کہ اس کا ایک اہم سبب یہ ہے کہ پارٹی کسی بھی ٹھوس نظر یہ کی پابند نہیں ، علاوہ ازیں عام آدمی پارٹی ٹھوس پروگرام سے بھی عاری ہے ۔ بادل نے کہا کہ اے اے پی نے عوام کو سبز خواب دکھا کر بے وقوف بنایا ہے تاہم جب دہلی میں انہیں عوام نے اپنی خدمت کے لئے منتخب کیا تو اس کی قیادت ذمہ داریوں سے دامن بچاتے ہوئے صاف نکل گئی ۔ تلونڈی صابو اسمبلی حلقہ میں ایک پروگرام کے وقفہ میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی مختصر مدتی ہے اور اس کے قائدین میں مایوسی کی لہر موجود ہے جس کے سبب پارٹی آخری سانسیں گن رہی ہے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اے اے پی کے اہم قائدین پارٹی عہدوں سے مستعفیٰ ہوچکے ہیں جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی کی بنیاد مسلسل متزلزل ہورہی ہے انہوں نے خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی اب بکھرنے ہی والی ہے جس اہم سبب یہ ہے کہ پارٹی نہ کسی مخصوص نظریہ کی پابند ہے اور نہ ہی اس نے کوئی ٹھوس پروگرام وضع کررکھا ہے ۔ سابقہ لوک سبھا انتخابات میں پنجاب واحد ریاست ہے جہاں نئی جماعت نے چار نشستیں حاصل کی ہیں ۔ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تائید کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ اس سے اشیائے ضروریہ کی فہرست میں شامل کیاجانا چاہئے کیونکہ اس طرح افراط زر میں راست طور پر کمی واقع ہوگی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زرعی اور ٹرانسپورٹ شعبہ میں ترقی کے لئے ڈیزل کا رول نہ صرف اہم بلکہ بنیادی ہے اور اس کی قیمتوں میں کمی سے ملک کے عوام کو زبردست راحت نصیب ہوگی۔ بادل نے کہا کہ وہ اس معاملہ کو مرکزی حکومت سے رجوع کریں گے ۔ انہیں بس اس بات کا انتظار ہے کہ مقررہ وزراء اپنی سرگرمیوں کی انجام دہی میں پوری طرح مصروف ہوجائیں ۔کانگریس کو مخالف عوام پالیسیوں کے لئے ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جماعت نے ہمیشہ کھوکھلے نعروں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کیا ہے جب کہ ملک میں بے روزگاری ، کرپشن ، ناخواندگی اور دیگر سماجی برائیاں عام ہیں اور یہ سب کانگریس کی مخالف عوام غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہیں ۔ چیف منسٹر نے یہ بھی کہا کہ کانگریس قائدین کے پر تعیش طرز زندگی اور رویہ سے ملک پوری طرح سے تباہ ہوگیا ہے جب کہ ہندوستان قدرتی وسائل کی نعمتوں سے مالا مال ہے۔ کانگریس قائدین نے خود کو عوام سے الگ کرلیا اور ان کا رویہ مہاراجاؤں جیسا ہوگیا جس کی وجہ سے وہ عوام سے کٹ گئے اور عوام کو آلام و مسائل کا شکار ہونا پڑا ۔ سونیا گاندھی ہو یا راہول گاندھی ان میں سے کسی کو بھی دیہی زندگی کا کوئی علم نہیں اور نہ ہی کوئی تجربہ ہے۔ لہذا ان سے دیہی عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق پالیسیاں وضع کرنے کی توقع فضول ہے ۔

AAP a pack of cards: Badal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں