کینیا میں شدت پسندوں کا حملہ - 48 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-17

کینیا میں شدت پسندوں کا حملہ - 48 ہلاک

کینیا کے ایک ساحلی ٹاؤن پکی ٹونی میں بندوق برداروں کی اندھا دھند فائرنگ میں کم از کم48افراد ہلاک ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور2منی بسوں میں سوار تھے ، اور یہ بسیں بڑی تیزی کے ساتھ مذکورہ ٹاؤن میں داخل ہوئیں اور ایک ٹی وی ہال میں فٹبال ورلڈ کپ میاچ دیکھنے کے لئے جمع شائقین پر گولیاں برسائیں ۔ بندوق برداروں نے ہوٹلوں اور ایک بنک کو بھی نشانہ بنایا۔ پولیس اور عینی شاہدین نے یہ بات بتائی ۔ یہ حملہ کل رات ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملہ میں غالباً صومالیہ کا الشباب اسلام پسند گروپ ملوث ہے ۔(پکی ٹونی ٹاؤن، بحر ہند کے ساحل پر واقع ہے) مذکورہ حملہ کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے ۔ حالیہ مہینوں میں فائرنگ اور بم حملوں کے واقعات میں یہ تازہ ترین واقعہ ہے ۔، جس سے کینیا کی صنعت سیاحت پر منفی اثر پڑا ہے ۔ اسی دوران حکومت کینیا نے کہا تھا کہ وہ ورلڈ کپ فٹبال میاچوں کے دوران چوکس رہے گی تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ٹی ویز پر ان میاچوں کو دیکھتے ہوئے عوام الناس محفوظ رہیں ۔ ایک شخص ایک شخص نے رائٹر کو فون پر بتایا کہ"حملہ آوروں کی تعداد بہت زیادہ تھی اور یہ سب بندوقوں سے مسلح تھے ۔ یہ عناصر اس ویڈیو ہال میں گھسے جہاں ہم ورلڈ کپ میاچ دیکھ رہے تھے ۔ حملہ آوروں نے ہم پر اندھا دھند گولیاں برسائیں ۔ صرف مردوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ خوش قسمتی سے میں دروازہ کے پیچھے چھپ کر بچ گیا ۔ گزشتہ ستمبر کے بعد سے کل رات ہوا یہ حملہ بدترین نوعیت کا تھا ۔ گزشتہ ستمبر میں الشباب کے بندوق برداروں نے نیروبی کے ایک شاپنگ مال پر حملہ کرکے 67افراد کو ہلاک کردیا تھا اور اس کے بعد ایسے مزید حملے کرنے کی وارننگ بھی دی تھی۔ الشباب تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ صومالیہ سے کینیائی سپاہیوں کو نکال باہر کرنے کا تہیہ کرچکی ہے ،۔ دریں اثناء متعلقہ کاؤنٹی کے پولیس کمانڈر نے رائٹر کو فون پر بتایا کہ"تمام مہلوکین مرد ہیں ، کوئی خاتون یا بچہ مہلوکین میں شامل نہیں ہیں"۔

48 Killed in Terror Attack on Kenya Town

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں