اسمبلی انتخاب میں ترنمول کو مسلمانوں کو 100 ٹکٹ دینے ہوں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-10

اسمبلی انتخاب میں ترنمول کو مسلمانوں کو 100 ٹکٹ دینے ہوں گے

فرفراشریف کے پیر زادہ طہٰ صدیقی نے آج یہ اعلان کیا کہ وہ بہت جلد بریگیڈ میں مسلمانوں کی عظیم الشان ریلی کرنے جارہے ہیں ۔ انہوں نے یہ باتیں کولکاتا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی ،۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد سے اب تک بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں مسلمانوں کی کوئی بڑی ریلی اب تک نہیں ہوئی ہے ۔ ہم اس ریکارڈکو توڑنا چاہتے ہیں ۔ اس میں صرف مغربی بنگال کے لوگ ہی شرکت کریں گے ۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے زمانے میں مغربی بنگال میں مسلمانوں کے لئے تھوڑا کام ہوا ہے لیکن لفٹ فرنٹ کے زمانے میں کچھ بھی نہیں ہوا تھا ۔ ترنمول کانگریس کی رہنما ممتا بنرجی جس طرح سے دعویٰ کررہی ہیں کہ مغربی بنگال میں مسلمانوں کے99فیصد کام ہوچکے ہیں تو یہ غلط ہے ۔ ہاں تھوڑا بہت ضرور کام ہوا ہے ۔انہوں ںے کہا کہ ریاستی حکومت نے مغربی بنگال میں مسلمانوں کو17فیصد ریزرویشن دینے کا اعلان کیا تھا تو یہ غلط ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال گجرات نہیں ہے ۔ یہاں کوئی فرقہ پرست پارٹی کامیاب نہیں ہوسکتی ہے ۔ یہاں حکومت کس کی ہوگی یہ طے مسلمان کرتے ہیں۔ اس لئے کوئی بھی پارٹی مسلمانوں کی حمایت کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے اس دوران یہ بھی کہا کہ کوئی بھی اگر ترقیاتی کام کرتا ہے تو اس کا خیر مقدم کیاجائے گا چاہے وہ کوئی بھی پارٹی ہو ۔ بی جے پی اگر اچھا کام کرتی ہے تو اس کا خیر مقدم کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال میں ہورہے پر تشدد واقعات کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی کے قومی صدر راج ناتھ سنگھ کولکاتا کے دورے پر آرہے ہیں ۔ ان کے اس دورے کے سلسلے میں یہ خبر گشت کررہی ہے کہ فرفرا شریف کے پیر زادہ طہٰ صدیقی ، ان کے بھائی ابراہیم صدیقی ، اور دیگر مسلم دانشوران حضرات گورنر ہاؤس میں راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کریں گے ۔ اس بارے میں پوچھے جانے پر طہٰ صدیقی نے کہا کہ یہ سراسر جھوٹ ہے۔ ریاست میں ایسا کچھ ہوا ہی نہیں کہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حوالے سے انگریزی اخبار میں جو خبر شائع ہوئی ہے وہ سراسر جھوٹ ہے ۔ ایسا بیان ہم نے دیا ہی نہیں ہے ۔ ویسے بھی ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا کہ ہمیں راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کرنی پڑے ۔ انہو ں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ ضرور راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کریں گے ۔ اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ بہت جلد مسلمانوں کے چند مطالبات کو لے کر مغربی بنگال کی وزیر ممتا بنرجی سے ملاقات کریں گے ۔
فرفرا شریف کے پیر زادہ طہ صدیقی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کر کے ان سے یہ مطالبہ کریں گے کہ مغربی بنگال کے اسمبلی الیکشن میں100مسلمانوں کو ٹکٹ دیا جائے ۔ اگر ایسا نہیں کیاجاتا ہے تو اس پر وہ غور کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک ریلی کی جائے گی جس میں نہ تو ترنمول کانگریس کو زیادہ اٹھایا جائے گا اور نہ ہی اسے گرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعہ ممتا بنرجی پر دباؤ ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد ممتا بنرجی سے ملاقات کر کے ان سے مذکورہ بالا مطالبہ کریں گے اگر وہ راضی ہوتی ہیں تو ان سے کم سے کم60مسلمانوں کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں