لوک پال کو منتخب کرنے کے قواعد پر نظر ثانی سے اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-06

لوک پال کو منتخب کرنے کے قواعد پر نظر ثانی سے اتفاق

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکز نے آج سپریم کورٹ میں اس بات سے اتفاق کیا کہ وہ لوک پال کے انتخاب کے متنازعہ مسئلہ کا جائزہ لے گا اور کہا کہوہ اس عمل کو آگے بڑھانے سے پہلے قوانین میں قطعی ترمیم کرنے کو تیار ہے۔ چیف جسٹس آر ایم لودھا کی زیر قیادت بنچ نے اپنے احکام میں کہا کہ قائدہ نمبر10کی شق اور10ویں شق کے چوتھے حصے میں سالیسیٹر جنرل(موہن پرسارن) نے اس مسئلہ کا دوبارہ جائزہ لینے اور مزید کارروائی سے پہلے قواعد میں قطعی ترمیم سے اتفاق کیا ہے ۔ اس بنچ نے جس میں جسٹس مدن لوکر اور جسٹس کرین جوزف بھی شامل تھے ، کہا کہ وہ اس بیان کو اپنے ریکارڈ میں شامل کررہا ہے کہ موجودہ قواعد کے تحت انتخابی عمل شروع نہیں کیا جائے گا۔ بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کے دوران کہا کہ اس طرح کے معاملہ کو روک دیا جانا اچھا نہیں ہوگا ۔ اس نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو ایک ایسا طریقہ کار وضع کرنا ہوگا جو شفاف ہو اور قواعد دستوری گنجائشوں کے مطابق ہوں ۔ بنچ نے کہا کہ دسمبر2013میں لوک پال اور لوک آیوکت قانون کی منظوری کو چار ماہ گزر چکے ہیں اور اب تک کچھ نہیں کیا گیا ہے ۔ بنچ نے مرکز سے جاننا چاہا کہ وہ کس طرح شفافیت کا مقصد حاصل کرے گا ۔ سالیسیٹر جنرل نے عدالت کو تیقن دیا کہ حکومت طریقہ کار میں تبدیلی لائے گی اور اس کے بعد ہی انتخاب کا عمل شروع کیا جائے گا۔ غیر سرکاری تنظیم کامن کاز کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے کہا کہ حکومت قاعدہ نمبر10کی شق نمبر ایک اور شق نمبر4کے چوتھے حصہ کی اساس پر آگے نہیں بڑھ سکتی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں