سارک رہنماؤں سے وزیراعظم مودی کی باہمی بات چیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-28

سارک رہنماؤں سے وزیراعظم مودی کی باہمی بات چیت

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پاکستان ، افغانستان ، بنگلہ دیش اور دیگر سارک ملکوں کے آٹھ رہنماؤں کے ساتھ امکانات سے بھرپور ملاقاتیں کیں ۔ صدر افغانستان حامد کرزئی کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیر اعظم نے ہرات میں ہندوستانی قونصل پر حملہ کو ناکام بنانے کی افغان قومی سلامتی فورس کی کامیاب کوشش کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس حملے سے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ہندوستان کے ارادے کو اور تقویت ملی ہے ۔ بھوٹان کے وزیر اعظم ٹی شرینک ٹوبگے کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیر اعظم نے شاہ بھوٹان کے لئے احترام کااظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان اور بھوٹان اپنی تاریخی اور ثقافتی رابطے کی وجہ سے خصوصی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے ٹوبگے کو یقین دلایا کہ بھوٹان کی معاشرتی و اقتصادی ترقی میں ہندوستان تعاون کرتا رہیگا۔ وزیر اعظم نے مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین سے کہا کہ ان کے ملک کے ساتھ تعلقات کو ہندوستان بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا ۔ نیپال کے وزیر اعظم سشیل کوئرالہ کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نیپال ہندوستان کا دیرینہ دوست ہے جس کے ساتھ ہندوستان تاریخی، جغرافیائی اور تہذیبی طور پر ساجھیدار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی سال نیپال کا دورہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں ۔ مودی نے ہندوستان اور نیپال کے درمیان اقتصادی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے مصمم ارادے کا بھی اظہار کیا ۔ صدر سری لنکا مہندراج پکشے کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ تعلقات کی ہندوستان نے ہمیشہ قدر کی ہے ۔ انہوں نے سری لنکا ئی حکومت سے درخواست کی کہ وہ قومی مفاہمت کے عمل کو اس طور پر تیز کرے کہ وہاں تملوں کی امنگوں کی تکمیل ہو اور وہ ایک متحدہ سری لنکا میں مساوات ، انصاف ، امن اور وقار کے ساتھ رہ سکیں ۔ بنگلہ دیش کی پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر شری شرمین چودھری سے وزیر اعظم نریندر مودی نے درخواست کی کہ وہ وزیر اعظم شیخ حسینہ تک ان کی نیک خواہشات پہنچا دیں ، اور ان سے کہیں کہ وہ امید کرتے ہیں کہ محترمہ شیخ حسینہ جلد ہی ہندوستان کا دورہ کریں گی ۔ مجموعی طور پر وزیر اعظم نے آٹھوں سارک لیڈروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں ۔ مہمانوں نے بھی حلف برداری کی تقریب میں سارک رہنماؤں کو مدعو کئے جانے کے اقدام کو سراہا۔

SAARC South Asian leaders at Indian high table

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں