دتاتریہ مودی کابینہ میں جگہ پانے میں ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-28

دتاتریہ مودی کابینہ میں جگہ پانے میں ناکام

حیدرآباد
اعتماد نیوز
بی جے پی ہائی کمان کی تلنگانہ لیڈر شپ سے ناراضگی اور چندرا بابو نائیڈو اور وینکیا نائیڈو کی حاضر دماغی کی وجہ سے بنڈارودتاتریہ سکندرآباد سے منتخب ہونے کے باوجود نریندر مودی کی کابینہ میں جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ۔ سابق مرکزی مملکتی وزیر برائے ریلوے بنڈارودتاتریہ کی کابینہ میں شمولیت سے متعلق کئی قیاس آرائیاں گشت کررہی تھیں اور یہ کہا جارہا تھا کہ تلنگانہ میں وہ بی جے پی کے واحد رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں جو سکندرآباد جیسے شہری حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ انہیں مودی ضرور اپنی کابینہ میں جگہ دیں گے لیکن چندرا بابو نائیڈو اور وینکیا نائیڈو نے بی جے پی کی مرکزی لیڈر شپ سے یہ شکایت کی کہ بی جے پی کی تلنگانہ لیڈر شپ کا تلگو دیشم سے مفاہمت کے مسئلہ پر جس طرح کا رویہ تھا اس سے انتخابات میں دونوں پارٹیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اگر بی جے پی تلگانہ کی لیڈر شپ یہ طرز عمل اختیار نہیں کرتی تو تلنگانہ میں تلگو دیشم اور بی جے پی انتحاد کو مزید نشستیں حاصل ہوتی اور تلنگانہ میں بھی دونوں جماعتوں کا طاقتور موقف ہوتا ۔ ذرائع کے مطابق وینکیا نائیڈو ،چندرابابو نائیڈو کے کافی قریب ہیں ۔ صدر تلگو دیشم نے دتاتریہ کے بجائے وینکیا نائیڈو کو کابینہ میں شامل کیا گیا جو سیما آندھرا سے تعلق رکھتے ہیں۔ ادھر تلنگانہ سے کابینہ میں نمائندگی نہ دئیے جانے پر بی جے پی کی تلنگانہ لیڈر شپ سخت ناراض اور مایوس ہے ۔ ایک لیڈر نے بتایا کہ وینکیا نائیڈو اور چندرا بابو نائیڈو کا تعلق ایک ہی طبقہ سے ہے ۔ اس لئے چندرا بابو نائیڈو نے وینکیا نائیڈو کی تائید کی ہے ۔ بی جے پی اور تلگو دیشم کے اتحاد میں وینکیا نائیڈو نے اہم رول ادا کیا ۔ اس لئے انہیں کابینہ میں جگہ دی گئی ہے جب کہ بنڈارودتاتریہ67سال کے ہوچکے ہیں ۔ ان کی بڑھتی ہوئی عمر کو دیکھتے ہوئے کابینہ میں انہیں جگہ نہیں ملی لیکن چار تا چھ ماہ میں جو کابینہ میں پہلی توسیع ہوگی اس میں دتاتریہ کو شامل کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ دتاتریہ کا تعلق بی سی طبقہ سے ہے او رتلنگانہ میں بی سی رائے دہندوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ پارٹی انہیں زیادہ دن ناراض نہیں رکھ سکتی۔

bandaru dattatreya failed to get seat in union cabinet

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں