راہول گاندھی کا وارانسی میں زبردست روڈ شو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-11

راہول گاندھی کا وارانسی میں زبردست روڈ شو

وارانسی
پی ٹی آئی؍ یو این آئی
نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے نریندر مودی کی ان کے خلاف امیٹھی میں چلائی گئی مہم کا جواب دیتے ہوئے مندروں کے شہر وارانسی میں آج انتخابی مہم کے آخری دن 5کلو میٹر طویل زبردست روڈ شو کیا ۔ یہاں12مئی کو پولنگ ہوگی ۔ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے انتخابی مہم کے آخری دن امیٹھی میں بی جے پی کی امیدوار سمرتی ایرانی کی تائید میں ریالی کی تھی او ر راہول گاندھی کا روڈ شو پارٹی امید وار اجئے رائے کی تائید میں کانگریس کی طرف سے اس کا جواب ہے۔ کانگریس لیڈر کا روڈ شو شہر کے مسلم اکثریتی علاقہ گول گڈہ کی پیلی کوٹھی سے شروع ہوا اور راہول گاندھی دیگر قائدین کے ساتھ ایک کھلی گاڑی میں سوار ہوئے ۔ انہوں نے نریندر مودی اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال کے خلاف پارٹی امیدوار اجئے رائے کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔ راہول گاندھی نے ہاتھ ہلاکر لوگوں کا استقبال کیا ۔ لوگوں نے اس دوران زور دار نعرے لگائے ۔ راہول گاندھی کے ساتھ پارٹی امیدوار اجئے رائے ، غلام نبی آزاد، پرمود تیواری، مدھوسدن مستری ، نغمہ، راج ببر اور دیگر سینئر لیڈر تھے۔ مستری گجرات میں وڈودرہ نشست سے مودی کے خلاف کانگریس کے امیدوار ہیں ۔ کانگریس لیڈر کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ایس پی جی کو پھولوں اور پھولوں کی مالاؤں سے راہول گاندھی کو بچانے کے لئے سخت جدو جہد کرنی پڑی۔ مختلف مقامات پر بیانڈ پارٹی نے بھی راہول گاندھی کا استقبال کیا ۔ روڈ شو گول گڈھا سے شروع ہوکر چیت گنج، بینیاباغ، گودولیا اور اسی گھاٹ ہوتے ہوئے سونیا پورہ میں ختم ہوا ۔ کیونکہ وقت کی کمی تھی۔ اس سے قبل روڈ شو بی ایچ یو گیٹ کے سامنے لنکا میں ختم ہونا تھا ۔ انتظامیہ نے کانگریس کے روڈ شو کے لئے صبح8بجے سے 12بجے تک چار گھنٹے کا وقت دیا تھا لیکن روڈ شو9بجے شروع ہوا اور مقررہ وقت تک صرف سونا پورہ علاقہ تک ہی پہنچ سکا ۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار اروند کجریوال نے کل روڈ شو کیا تھا جب کہ بی جے پی کے امیدوار نریندر مودی نے جمعرات کی شام روڈ شو کیا تھا ۔ راہول گاندھی نے ان علاقوں کا احاطہ کیا جہاں پہلے مودی اور کجریوال نے روڈ شو منعقد کرچکے تھے ۔ مودی اور کجریوال نے روڈ شو کے دوران بی ایچ یو گیٹ پر مدن موہن مالویا کے مجسمہ کو پھول پہنائے تھے راہول گاندھی بھی یہاں گاڑی سے اترے اور مجسمہ کو پھول پہنائے ۔ وارانسی میں کیمپ کرنے والے غلام نبی آزاد نے کہا کہ ہم جیت کے لئے لڑ رہے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ کامیابی ملے گی ۔ شہنائی نواز استاد بسم اللہ خان مرحوم کے افراد خاندان نے شہنائی بجائی ۔ 24اپریل کو جب مودی نے یہاں پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا اس وقت ان کی خواہش پر اس خاندان کے افراد نے شہنائی بجانے سے انکار کردیا تھا۔ بڑے پیمانہ پر پولیس نے راہول گاندھی کے قافلہ کو گھیر رکھا تھا۔ راہول گاندھی کا روڈ شوبینیا باغ میں بھی ہوا جہاں الیکشن کمیشن نے مودی کو ریالی منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی تھی ۔ ارون جیٹلی نے اس پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ اجازت دینے سے سیکوریٹی وجوہات کی بناء پرنہیں بلکہ سیاسی وجوہات کی بناء پر انکار کیا گیا تھا۔راہول گاندھی نے روڈ شو کے دوران عوام سے خطاب نہیں کیا۔ مودی بھی وارانسی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں ۔ وارانسی کے سیاسی ماحول میں اس وقت اور بھی گرمی پیدا ہوگئی جب اتر پردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے بھی روڈ شو کیا جب کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر کمار وشواس کا روڈ شو منسوخ کردیا گیا۔

Rahul's roadshow in Varanasi, 9th phase campaign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں