تحفظات مسلمانوں کے مسائل کا حل نہیں - وزیر اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-28

تحفظات مسلمانوں کے مسائل کا حل نہیں - وزیر اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اقلیتی امور کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے والی نجمہ ہپت اللہ نے آج کہا ہے کہ تحفظات کی فراہمی مسلمانوں کے ترقیاتی مسائل کا حل نہیں ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت تمام طبقات کی ترقی کو یقینی بنائے گی اور اقلیتوں کے لئے تعلیمی سہولیات پر خصوصی توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقلیتوں کی معاشی، سماجی ترقی اور جامع ترقی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں ۔ جب تک وہ ترقی کے عمل کا حصہ نہیں بنتے ۔ ترقی کمزور رہے گی ۔ صحافیوں کے اس سوال پر کہ وہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کن منصوبوں پر عمل کریں گی، ہپت اللہ نے جواب دیا کہ صرف مسلمانوں کی بات نہ کریں یہ وزارت مسلم معاملات کی نہیں بلکہ اقلیتی امور کی ہے ۔ مسلمان اقلیت نہیں ہیں ۔حقیقت میں پارسی اقلیت ہیں اور ان کی تعداد معدوم ہوتی جارہی ہے ۔ انہیں مدد کی ضرورت ہے تاکہ وہ معدوم نہ ہوجائیں ۔2001ء کی مردم شماری کے مطابق ملک میں138ملین مسلمان ہیں جو جملہ آبادی کا13.4فیصد ہیں ۔ اقلیتوں کے لئے تحفظات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ حل نہیں بلکہ فرار کی راہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی مسلمانوں کے لئے تحفظات کا وعدہ نہیں کیا ۔ کانگریس نے ایسا کیا تھا ۔ یہ مسلمانوں کی ترقیاتی مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ۔ ہم دستوری فریم ورک کے تحت حل میں یقین رکھتے ہیں جس کے تحت مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی اجازت نہیں ہے ۔ ہم تمام کے لئے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا نئی حکومت سچر کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرے گی انہوں نے کہا کہ تمام سفارشات پر عمل کرنا ضروری نہیں ہے ۔ مجاہد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کی پڑ نواسی نجمہ ہپت اللہ نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کے بعد ترجیحات کا تعین کریں گی۔ہپت اللہ نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ تعلیم کے ذریعہ ترقی لائی جائے اور اقلیتوں کے تعلیمی اداروں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔

Quota no solution to development issues of Muslims: Heptulla

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں