نئی قیادت سے نیک تمناؤں کا اظہار - منموہن سنگھ کا قوم سے وداعی خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-18

نئی قیادت سے نیک تمناؤں کا اظہار - منموہن سنگھ کا قوم سے وداعی خطاب

نئی دہلی
پی ٹی آئی/ یو این آئی
وزیرا عظم منموہن سنگھ نے قوم سے وداع لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی خدمت کے لئے حتی المقدور کوشش کی ہے اور ان کا10سالہ دور کھلی کتاب ہے ۔ قوم سے وداعی خطاب میں جس کو ٹی وی پر نشر کیا گیا ،منموہن سنگھ نے کہا کہ انتخابات میں عوام کی جانب سے جو فیصلہ دیا گیا ہے اس کا سبھی کو احترام کرنا چاہئے اور انہوں نے آنے والی حکومت کی کامیابیوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ہندوستان دنیا کے بدلتے ہوئے اقتصادی نظام میں ایک اہم طاقت کے طور پر ابھرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم کی حیثیت گزشتہ دس برسوں تک اس ذمہ داری کو سنبھالتے وقت میں نے اپنی پوری محنت سے کام کرنے اور سچائی کے راستے پر چلنے کا عہد کیا تھا ۔ خدا سے میری یہ دعا تھی کہ میں ہمیشہ صحیح کام کروں ۔ انہوں نے کہا کہ آج جب وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑ نے کا وقت آگیا ہے ، مجھے اس بات کا احساس ہے کہ خدا کے آخری فیصلے سے پہلے تمام منتخب نمائندوں اور حکومت کے کام پر عوام کی عدالت بھی فیصلہ کرتی ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے ووٹروں کی تائید کا احترام کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات سے ہندوستان کے جمہوری نظام کی جڑیں مضبوط ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا میری عوامی زندگی ایک کھلی کتاب ہے ۔ میں نے ہمیشہ اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ اپنے عظیم ملک خدمت کرنے کی کوشش کی ہے۔ وزیر اعظم نے دس برس کے اپنے دور اقتدار کی کئی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہمارا ملک ہر معنی میں دس برس پہلے کے ہندوستان سے کہیں زیادہ مضبوط ہے ۔ ملک کی کامیابیوں کا کریڈٹ بھی آپ سب کو دیتا ہوں ۔ لیکن ہمارے ملک میں اب بھی ترقی کے بہت سے امکانات ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں متحد ہوکر سخت محنت کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے جذباتی لہجے میں کہامجھے جو کچھ بھی ملا ہے اس ملک سے ملا ہے ۔ ایک ایسا ملک جس نے تقسیم کی وجہ سے بے گھر ہوجانے والے ایک بچے کو اتنے بلند عہدے تک پہنچادیا ۔ یہ ایسا قرض ہے جسے میں کبھی ادا نہیں کرسکتا۔ یہ ایک ایسا اعزاز بھی ہے جس پر مجھے ہمیشہ ناز رہے گا ۔ ہندوستان کے مستقبل کے بارے میں پورے اطمینان کا اظہا ر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا مجھے اس بات کا پختہ یقین ہے کہ وہ وقت آگیا ہے جب ہندوستان دنیا کے بدلتے ہوئے اقتصادی نظام میں ایک اہم طاقت کے طور پر ابھرے گا ۔ روایت کو جدیدیت کے ساتھ اور کثرت کو وحدت کے ساتھ ملاتے ہوئے ہمارا ملک دنیا کو مستقبل کا راستہ دکھاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا میری یہ نیک خواہشات ہیں کہ آنے والی حکومت اپنے کام کاج میں ہر طرح سے کامیاب رہے ۔ میں اپنے ملک کے لئے مزید بڑی کامیابیوں کی آرزو کرتا ہوں۔

PM Manmohan Singh's farewell speech to nation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں