بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا 20 مئی کو اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-18

بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا 20 مئی کو اجلاس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 20مئی کو 12بجے دن منعقد ہوگا ۔ جس میں نریندر مودی کو رسمی طور پر پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا جائے گا اور وزیر اعظم کی حیثیت سے مودی کے نام کا رسمی اعلان ہوگا ۔ بی جے پی کے قومی صدر راج ناتھ سنگھ نے آج یہ اعلان کیا ۔ پارٹی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ پارلیمانی بورڈ کی ایک گھنٹہ تک چلی میٹنگ کے بعد راج ناتھ سنگھ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو یہ معلوم ہے کہ وزیر اعظم کون ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر کوئی یہ جانتا ہے کہ کس کے نام کا اعلان کیا جائے گا یہ محض ایک رسمی کارروائی ہوگی۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد این ڈی اے کے تمام اتحادیوں کوبھی مدعو کیا جائے گا۔ حلف برداری کی تقریب کے بارے میں راج ناتھ سنگھ نے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بارے میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد ہی فیصلہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حلف برداری کے تعلق سے ہر طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں ۔ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ21مئی کو ہوگی اور کچھ کا کہنا ہے کہ24مئی کو ہوگی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہے ۔ حلف برداری کی تقریب کی تاریخ کا فیصلہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ ایک گھنٹے تک چلے اجلاس میں پارٹی کے سینئر لیڈروں ایل کے اڈوانی ، مرلی منوہر جوشی ، ارون جیٹلی ، سشما سوراج اور دیگر نے شرکت کی ۔ پارلیمانی بورڈ نے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کی جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کو ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو ملک کو آگے لے جاسکے اور اسے معاشی اور جمہوری اعتبار سے مضبوط بنا سکے ۔ اس سے قبل پارٹی ہیڈ کوارٹر میں مودی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ مودی نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد اڈوانی کے پیر چھوئے ۔ اڈوانی نے مودی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ۔ راج ناتھ سنگھ نے بھاری اکثریت سے پارٹی کو کامیاب بنانے پر بی جے پی کارکنوں اور حامیوں نیز سماجی اور تقافتی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے پارٹی کو کامیاب بنانے کے لئے مودی کو سخت محنت کی بھی تعریف کی ۔ بی جے پی کے صدر نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے بعد بہت سی سیاسی پارٹیاں بھی تھیں لیکن کوئی بھی ایسی پارٹی نہیں تھی جو کانگریس کی بالا دستی کو چیلنج کرسکتی تھی تاہم پہلی بار بی جے پی اصل مقابلے میں آئی اور اس نے کانگریس کی بالا دستی کو چیلنج کیا۔

BJP parliamentary party leader election on May 20

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں