نریندر مودی کا بی جے پی اور این ڈی اے اتحاد کے لیڈر کی حیثیت سے آج انتخاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-20

نریندر مودی کا بی جے پی اور این ڈی اے اتحاد کے لیڈر کی حیثیت سے آج انتخاب

نریندر مودی کا بی جے پی اور این ڈی اے پارلیمانی اتحاد کے لیڈر کی حیثیت سے کل انتخاب عمل میں آئے گا جب کہ نئی کابینہ کی تشکیل کے لئے آج پارٹی نے مختلف سینئر قائدین ، حلیف جماعتوں اور آر ایس ایس قائدین سے سرگرم مشاورت کی۔ گجرات کے 63سالہ چیف منسٹر کل صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے این ڈی اے قائدین کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔ اور تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کریں گے ۔ تاہم قبل ازیں بی جے پی پارلیمانی پارٹی اور این ڈی اے اتحاد کے لیڈر کی حیثیت سے ان کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ امکان ہے کہ ہفتہ کے اواخر تک نئی حکومت کی حلف برداری ہوجائے گی۔ بی جے پی کے اعلیٰ قائدین بشمول راجناتھ سنگھ ، سشما سوراج ، ارون جیٹلی ، نتن گڈکری ، مرلی منوہر جوشی اور وینکیا نائیڈو کے نام کابینہ میں شامل ہونے والے امکانی قائدین کے طور پر گشت کررہے ہیں ۔ پارٹی کے نائب صدر مختار عباس نقوی کو بھی واحد مسلم چہرے کے طو ر پر کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ اس بات کا قیاس لگایا جارہا ہے کہ ارون شوریٰ کو وزیر فینانس ، ارون جیٹلی کو وزیر خارجہ بنایاجاسکتا ہے ۔ علاوہ ازیں اتحادی جماعتوں جیسے شیوسینا، تلگو دیشم ، اکالی دل اورلوک جن شکتی پارٹی کے قائدین کو کابینہ میں شامل کیاجاسکتا ہے ۔ مودی کا پہلے بی جے پی پارلیمانی پارٹی لیڈر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آئے گا جس کے فوری بعد این ڈی اے کے ارکان پارلیمنٹ انہیں اپنا لیڈر منتخب کریں گے ۔ اس سلسلہ میں ایک اجلاس پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقد ہورہا ہے ۔ اس کے بعد مودی این ڈی اے قائدین کے ہمراہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کریں گے اور انہیں مودی لیڈر منتخب کرنے کا مکتوب پیش کریں گے ۔ گزشتہ 3دنوں سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے قائدین کے کئی اجلاس گجرات بھون میں منعقد ہورہے ہیں جہاں مودی قیام پذیر ہیں ۔ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد پہلی مرتبہ سشما سوراج نے مودی سے گجرات بھون پہنچ کر ملاقات کی ۔ مودی کے قریبی سمجھے جانے والے ارون جیٹلی اور امیت شاہ کے علاوہ کلیان سنگھ نے بھی ان سے ملاقات کی ۔ تاملناڈو میں بی جے پی کی حلیف جماعت کے سربراہ وائیکو نے بھی جو انتخابات ہار گئے ہیں مودی سے ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی نے آج دن بھر کابینہ کی تشکیل کے لئے مشورے کئے ۔ مودی دہلی میں کل اپنی سرگرمیاں مکمل کرنے کے کے بعد شام میں احمدآباد کے لئے روانہ ہوجائیں گے ۔ یہاں وہ چیف منسٹر کی حیثیت سے استعفیٰ پیش کردیں گے اور گجرات بی جے پی مقننہ پارٹی کے نئے لیڈر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مودی کی بااعتماد سادی آنندی بین پٹیل گجرات کی مستقبل کی چیف منسٹر ہوسکتی ہے ۔ آر ایس ایس قائدین نے اشارہ دیا ہے کہ قیادت جیٹلی کو حکومت میں شامل کرنا چاہتی ہے اگرچہ کہ وہ پنجاب میں انتخابات ہار گئے ہیں۔ نئی حکومت میں پارٹی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کا کیا رول ہوگا اس پر ابھی تجسس برقرار ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مرلی منوہر جوشی نے مودی کو واضح کیا ہے کہ انہیں مودی کی ماتحتی میں کابینہ میں کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ قبل ازیں دن میں راجناتھ سنگھ کی رہاش گاہ اور آر ایس ایس کاہیڈ کوارٹر بھی سرگرمیوں کا مرکز رہا۔

Modi to be elected BJP, NDA leader on Tuesday

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں