مودی اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں - نتن یاہو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-19

مودی اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں - نتن یاہو

ہندوستان کے نامزد کردہ وزیرا عظم نریندر مودی نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو فروغ و وسعت دینے کے خواہش کا اظہار کیا ۔ وزیرا عظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے یہ بات بتائی ۔ نتن یاہو نے اپنے ہفتہ واری اجلاس میں کابینہ کو بتایا کہ جمعہ کو انہوں نے ہندوستان کے منتخب وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت کی ہے۔ انہوں نے بھی مملکت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو وسعت اور فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ نتن یاہو ایشیاء کے ساتھ معاشی تعلقات کو مستحکم بنانے کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ امکان ہے کہ یہ علاقہ صہیونی ریاست کے قریبی حلیف امریکہ پر عظیم ترین در آمداتی مرکز کی حیثیت سے سبقت لے جائے گا۔ انہوں نے حال ہی میں ہندوستان ، چین ، جاپان ، اور دیگر ایشیائی ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا ۔ نتن یاہو نے نریندرمودی سے ربط پیدا کرنے میں عجلت کی جو بی جے پی کی لوک سبھا انتخابات میں زبردست کامیابی کے بعد ہندوستان کے وزیرا عظم بننے کے لئے پوری طرح تیار ہیں ۔ وزیر اعظم کے عہدہ پر مودی کے انتخاب کے ساتھ اسرائیل کو جنوبی ایسیاء میں ہندوستان کی شکل میں ایک نیا کٹر حلیف ملک حاصل ہوسکتا ہے ۔ نیو یارک کے انٹر نیشنل بزنس ٹائمس کی رپورٹ میں اس بات کا اظہار کرتے ہوئے پیش قیاسی کی گئی کہ بی جے پی کے عروج سے ہند ، اسرائیل تعلقات کو دوبارہ زبردست فروغ حاصل ہوگا ۔ گزشتہ کئی سالوں سے دونوں ممالک آزادانہ تجارتی سمجھوتہ پر بات چیت کرتے رہے ہیں ۔1992میں سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے اور وہ کثیر جہتی ہوگئے ہیں ۔ ماضی میں بی جے پی کے5سالہ دور میں تعلقات کو زبردست فروغ حاصل ہوا تھا ۔ وزیرا عظم اسرائیل ایریل شیرون نے2003میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا جب کہ ممتا ز بی جے پی قائدین بشمول ایل کے اڈوانی اور جسونت سنگھ نے متعدد شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کے لئے اسرائیل کا دورہ بھی کیا تھا۔ کارگل جنگ کے دوران اسرائیل نے ہندوستان کی تائید کی تھی جس کے نتیجہ میں اعتماد کی فضا پیدا ہوگئی اور بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہوا ہے۔

Modi expressed desire to deepen ties with Israel: Netanyahu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں