اتحاد ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-12

اتحاد ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا - مودی

لوک سبھاانتخابات کے لئے مہینے بھر تک چلنے والی اپنی مہم کے اختتام پر بی جے پی کے وزیر اعظم کے عہدہ کے امیدوار نریندر مودی نے تبدیلی کا وعدہ کیا اور ملک کے عوام کے مابین اتحاد کی اپیل کی۔ مودی نے گزشتہ رات گئے اپنے بلاگ میں لکھا کہ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا ہم ایک دوسرے سے لڑنا چاہتے ہیں یا غریبی کے خلاف لڑنے کے لئے متحد ہونا چاہتے ہیں ۔ لڑائی سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا جب کہ اتحاد ہمارے ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا۔ ان کا یہ بیان لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلہ کی زبردست مہم کے اختتام کے بعد آیا ہے ۔ آخری مرحلہ کی پولنگ کل ہوگی ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ عوام جھوٹے وعدوں ، بدعنوانی اور ایک ہی خاندان کی مدح سرائی سے تنگ آچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہتر مستقبل کے خواہاں ہیں او ر این ڈی اے ہی یہ تبدیلی لاسکتی ہے ۔ بی جے پی کے وزیر اعظم کے عہدہ کے امیدوار اس الزام کا سختی سے جواب دیتے رہے ہیں کہ اگر وہ برسر اقتدار آئے تو ملک ٹکڑے ٹکڑے ہوجائے گا اور اس کا اتحاد پارہ پارہ ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ کانگریس کے نائب صدر نے ہفتہ کے روز عوام کو خبردار کیا تھا کہ مودی صرف عوام میں پھوٹ ڈالنا چاہتے ہیں اور انہیں آپس میں لڑانا چاہتے ہیں ۔ نریندر مودی نے رائے دہندوں پر زور دیا کہ وہ ریکارڈ تعداد میں رائے دہی سے استفادہ کریں اور کہا کہ این ڈی اے ہی واحد محاذ ہے جو ملک میں تبدیلی لا سکتا ہے ۔ 8ماہ طویل مہم کو ختم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام جھوٹے وعدوں ، کرپشن اور وہی قدیم ٹیپ ریکارڈ ڈیڈ جذبات سے مغلوب پیامات جس میں خاندان کے حوالہ کے ساتھ اپنی ناکامیوں کو چھپایا گیا ہے سے بیزار ہوگئے ہیں ۔ وہ بہتر کل کے خواہاں ہیں اور این ڈی اے ہی واحد محاذ ہے جو یہ تبدیلی فراہم کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں آخری مرحلہ میں تمام ووٹرس پر زور دیتا ہوں کہ وہ ریکارڈ تعداد میں رائے دہی سے استفادہ کریں ۔ بالخصوص نوجوان مہربانی کر کے ووٹ دینے کے لئے جائیں ۔ اپنے خاندان والوں اور ساتھیوں کو بھی ووٹ دینے کی ترغیب دیں ۔ ہر ووٹ معنی رکھتا ہے۔ بی جے پی کی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نے ان کی حمایت کرنے پر ملک کے عوام سے اظہار تشکر کیا اور یقین دلایا کہ ملک کی غیر معمولی ترقی کے لئے اقدامات کریں گے۔ مودی نے کہا کہ ہماری مہم کے دوران بی جے پی نے ترقی اور ملک کے ہر گوشے میں بہتر حکمرانی کے ایجنڈہ کو اپنایا ۔ چیف منسٹر گجرات نے پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار بننے کے بعد سے تقریباً8ماہ کے دوران زائد از3لاکھ کلو میٹر کا احاطہ کرتے ہوئے تقریباً580مقامات پر ریالیوں اور جلسوں سے خطاب کیا۔

Narendra Modi blogs on the conclusion of 2014 Lok Sabha Elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں