لوک سبھا انتخابات کی طوفانی مہم کا اختتام - کل پولنگ کا آخری مرحلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-11

لوک سبھا انتخابات کی طوفانی مہم کا اختتام - کل پولنگ کا آخری مرحلہ

نئی دہلی/وارانسی/کولکتہ
یو این آئی
لوک سبھا انتخابات 2014کی زور دار طوفانی انتخابی مہم کا آج شام اختتام عمل میں آیا۔ قدیم شہر وارانسی میں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے زبردست روڈ شو کا انعقاد عمل میں آیا جس سے حریفوں کے حوصلے پست نظر آتے تھے ۔ آج مہم کے اختتام سے عملی طور پر16ویں لوک سبھا کی تمام543نشستوں میں بالآخر انتخابی مہم تکمیل کو پہونچی ۔(545رکنی ایوان زیریں کے لئے2ارکان ، نامزدکردہ ہوتے ہیں) رائے دہی کا آخری مرحلہ پیر12مئی کومقرر ہے ۔ اس نویں اور آخری مرحلہ میں یوپی ، مغربی بنگال اور بہار میں 41لوک سبھا حلقوں کے لئے رائے دہی ہوگی۔ زائد از6کروڑ رائے دہندے(606) امیدواروں کے مقدر کا فیصلہ کریں گے ۔ مذکورہ41نشستوں کے منجملہ گزشتہ عام انتخابات2009میں ترنمول کانگریس نے14، بی جے پی اور سماجوادی پارٹی نے چھ ، چھ بی ایس پی نے 5، کانگریس نے4، جنتادل یو نے 2آر جے ڈی اور سی پی آئی نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی تھی ۔2آزادامیدوار بھی منتخب ہوئے تھے ۔ مندروں کے شہر وارانسی میں یکے بعد دیگرے روڈ شوز کے سبب مقامی رائے دہندے حیران ہیں۔ حتی کہ ماہر تجزیہ نگار بھی عوام کے موڈ کا ٹھیک ٹھاک اندازہ لگانے سے قاصر نظر آرہے ہیں ۔ اس حلقہ انتخاب میں نریندر مودی ، اروند کجریوال ، راہول گاندھی اور اکھلیش یادو کے روڈ شوز منعقد ہوچکے ہیں جو کئی اعتبار سے ایک دوسرے سے مختلف ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے علاقہ بنیاباغ میں مودی کے روڈ شو کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ کجریوال کے روڈ شومیں پرجوش نوجوانوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ کجریوال کے کئی حامی دنیا کے مختلف مقامات سے آئے تھے ۔ کانگریس نے اس شو کا کسی اور شو سے تقابل کرنے سے اس بنیاد پر انکار کردیا کہ یہ مقامی افراد پر مشتمل تھا۔ چلچلاتی دھوپ کے باوجود ایس پی لیڈر و چیف منسٹر یو پی اکھلیش یادو کے روڈ شو میں کافی ہجوم دیکھے گئے ۔ ایس پی نے دعویٰ کیا کہ عوام کو اس شو کے لئے لایا نہیں گیا تھا بلکہ وہ اپنی رضامندی سے آئے تھے۔

Last phase of Lok Sabha polls tomorrow, all eyes on Varanasi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں