کجریوال شخصی ضمانت کے بعد تہاڑ جیل سے رہا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-28

کجریوال شخصی ضمانت کے بعد تہاڑ جیل سے رہا

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
ہتک عزت معاملے میں شخصی ضمانت نہ دینے کی ضد کرنے والے دہلی کے سابق چیف منسٹر اروند کجریوال نے دہلی ہائی کورٹ کا مشورہ قبول کرتے ہوئے شخصی ضمانت دے دی اور عدالت نے بھی ان کی ضمانت قبول کرتے ہوئے انہیں تہاڑ جیل سے ہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔ جسٹس کیلاش گمبھیر اور جسٹس سنیتا گپتا کی ڈویژن بینچ نے سماعت کے دوران کجریوال کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل اور سابق وزیر قانون شانتی بھوشن اور پرشانت بھوشن کو مشورہ دیا کہ وہ کجریوال کو شخصی ضمانت دینے کے لئے راضی کریں ۔ عدالت نے کہا تھا کہ کجریوال اس قانونی ضابطہ کو وقار کا مسئلہ نہ بنائیں ۔ بنچ نے واضح کیا کہ وہ کجریوال کی درخواست کے قانونی پہلوؤں پر غور کرے گی۔ لیکن اس سے قبل ان کا شخصی ضمانت دینا ضروری ہے ۔ ہائی کورٹ نے سینئر اور جونئیر بھوشن کو کجریوال سے تہاڑ جیل میں ملنے اور ان کا موقف جاننے کی اجازت دی ۔ دونوں نے سابق چیف منسٹر سے تہاڑ جیل میں ملاقات کرنے کے بعد بتایا کہ کجریوال شخصی ضمانت دینے تیار ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈ کری کو بدعنوان افراد کی فہرست میں شامل کرنے پر فوجداری مقدمہ کے تحت ہتک عزت کا سامنا کرنے والے کجریوال21مئی سے تہاڑ جیل میں ہیں۔ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے21مئی کو اس معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے کجریوال سے دس ہزار روپے کی شخصی ضمانت دینے کے لئے کہا تھا ۔ تاہم کجریوال نے بانڈ بھرنے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ عدالت کے بلانے پر حاضر ہونے کے لئے حلف نامہ دے سکتے ہیں ۔ لیکن بانڈ نہیں بھریں گے ۔ رات دیر گئے موصولہ ایک اطلاع کے مطابق اروند کجریوال کو تہاڑ جیل سے رہا کردیا گیا۔

Arvind Kejriwal Submits Bail Bond, Released From Tihar Jail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں