تلگو دیشم پارٹی اپنے وعدوں کی تکمیل کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-28

تلگو دیشم پارٹی اپنے وعدوں کی تکمیل کرے گی

حیدرآباد
ایس این بی
تلگو دیشم پارٹی کے دوروزہ سالانہ اجلاس ’’مہاناڈو‘‘ کا آج گنڈی پیٹ کے این ٹی آر میموریل اسکول کے احاطہ میں آغاز ہوا ۔ صدر تلگو دیشم پارٹی این چندرابابو نائیڈو نے اجلاس کا افتتاح کیا ۔ قبل ازیں چندرابابو نائیڈو نے تلگو دیشم پارٹی کی کارکردگی سے متعلق فوٹو گیلری کا افتتاح انجام دیا ۔ مہاناڈو کا آغاز تلگو تلی گیت کے ساتھ عمل میں آیا ۔ مہاناڈو سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی نے سب سے پہلے کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا ۔ جب کہ ٹی آرایس اور کانگریس پارٹی نے ٹٰ ڈی پی کے بعد کسانوں سے متعلق وعدے کئے۔ نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے کسانوں سے متعلق جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسان اس وقت ترقی کرسکتے ہیں جب کہ انہیں کاشت کاری میں فائدہ ہو۔ نائیڈو نے تیقن دیا کہ تلگو دیشم پارٹی کسانوں کو ترقی سے ہمکنار کرنے تک ان کا ساتھ دے گی۔انہوں نے سیما آندھرا میں تلگو دیشم پارٹی کے سربراہ اقتدار میں آنے کو عوام کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ڈی پی کیڈر کی محنت کے باعث سیما آندھرا میں تلگو دیشم پارٹی کو اقتدار حاصل ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ2019میں تلنگانہ میں بھی ٹی ڈی پی برسراقتدار آئے گی ۔ لیکن اس بات کو یقینی بنانے کے لئے تلنگانہ کے پارٹی قائدین اور کارکنان کو آج ہی سے محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔ نائیڈو نے کہا کہ ٹی ڈی پی آئندہ انتخابات میں ایک قومی سیاسی جماعت کی حیثیت سے حصہ لے گی اور عام انتخابات میں پانچ تا چھ ریاستوں میں مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کو قومی جماعت بنانے کے تعلق سے مہاناڈو میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے صرف2014کے انتخابات میں کامیابی کے لئے ویژن تیار نہیں کیا بلکہ2019کے انتخابات میں بھی دونوں ریاستوں میں ٹی ڈی پی کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ نائیڈو نے ملک سے غربت کے خاتمہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ڈی پی عوام کے ساتھ رہتے ہوئے غربت کے خاتمہ کو یقینی بنائے گی اور بد عنوانیوں کے انسداد کے لئے جدو جہد کرے گی ۔ انہوں نے نو منتخبہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف و توصیف کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں کوئی بھی ہو محنت کے ساتھ عوام کی خدمت کی انجام دہی کے ذریعے کوئی بھی اعلیٰ عہدے پر فائز ہوسکتا ہے ۔ انہوں ے کہا کہ ہم کو نریندر مودی سے سبق لینے کی ضرورت ہے وہ ایک مثبت سوچ کے حامل انسان ہیں اور معاشرے کی بہتری اور ملک کو عالمی سطح پر ترقی دینے کے بارے میں غوروفکر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قائد کی قیادت میں ملک کی ترقی کی امید کی جاسکتی ہے ۔ صدر تلگو دیشم نے کہا کہ جن تلگو عوام نے آج ہمیں یہ مقام دیا ے وہی عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں ۔ کئی دیہاتوں میں پینے کے پانی، سڑکوں ، حفظان صحت وغیرہ جیسی سہولتیں عوام کو حاصل نہیں ہیں ۔ ٹی ڈی پ ی یہ تمام سہولتیں فراہم کرے گی ۔ نائیڈو نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ ریاست کی ترقی سے متعلق اپنی رائے دیں۔ تلگو دیشم پارٹی کی سابقہ نو سالہ دور حکومت کے کارنامے پیش کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ سائبر آباد سٹی، ہائی ٹیک سٹی، انٹر نیشنل ایئر پورٹ ، آؤٹر رنگ روڈ اور دیگر کئی ترقیاتی کام ٹی ڈی پی دور حکومت میں انجام دئے گئے اور حیدرآباد کی عصری ترقی کے باعث ہی سیما آندھرا اور تلنگانہ اضلاع سے عوام حیدرآباد منتقل ہوئے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ٹی آر ایس نے وارروم قائم کیا ہے لیکن یہ بے ضرورت اور لاحاصل ہے جب کہ حقیقتاً پیس روم(Peace Room) اور ترقیاتی روم کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں علاقوں کے ساتھ انصاف کرنے کی ضرورت ہے اور ملازمتوں میں اضلاع میں 80فیصد مقامی اور 20فیصد غیر مقامی ہوسکتے ہیں جب کہ زونل سطح پر70فیصد مقامی اور 30فیصد غیر ضروری ہوسکتے ہیں اس قانون پر عمل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے سابقہ کانگریس حکومت پر تلگو عوام کا استحصال کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج سیما آندھرا میں کانگریس پارٹی کا مکمل صفایا ہوچکا ہے ۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی نے ملک کو ترقی کرنے سے روکا ۔ انہوں نے کہا کہ آج نریندر مودی نے بحیثیت وزیر اعظم اپنی حلف برداری کی تقریب میں سارک ممالک کو مدعو کیا تاکہ ان سے بہتر تعلقات کو یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر اشوک گجپتی راجو، پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و دیگر موجود تھے ۔

Telugu Desam Party will fulfill its commitments

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں