بہار کے 33 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر جیتن رام کا انتخاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-20

بہار کے 33 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر جیتن رام کا انتخاب

بہار کی نتیش حکومت میں درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کی بہبود کے وزیر رہے جیتنن رام ماجھی ریاست کے33ویں وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ مسٹر ماجھی نے جے ڈی یو کے قومی صدر شردیادو، سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور پارٹی کے ریاستی صدر وششٹ نارائن سنگھ کے ساتھ گورنر ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل سے مل کر حکومت بنانے کادعویٰ پیش کیا ۔ بعد میں مسٹر نتیش کمار نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ مسٹر ماجھی نے جے ڈی یو کے117ارکان اسمبلی اور2آزاد ممبران اسمبلی کی حمایت ملنے کا ایک خط گورنر کو سونپتے ہوئے حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا۔ مسٹر کمار نے کہا کہ مسٹر ماجھی کو سی پی آئی کے بھی ایک رکن اسمبلی کی حمایت حاصل ہے ۔ 239رکنی بہار اسمبلی میں اکثریت کے لئے یہ تعداد کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب آگے کا فیصلہ گورنر کوکرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی جذبات میں نہیں بلکہ لوک سبھا انتخابات کے سیاسی نتائج کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے میں نے استعفیٰ دیا ہے ۔ ان کے دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے سے پارٹی کو فائدہ نہیں ہوگا۔ لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ کے بعد شام کو پارٹی کے لیڈران نے گورنر ڈی وائی پاٹل سے ملاقات کی اور انہیں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا ۔ لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ2015ء کا اسمبلی انتخاب جے ڈی یوکے سینئر لیڈر نتیش کمار کی ہی قیادت میں لڑا جائے گا ۔ اس سے قبل جنتادل (یو) کے قومی صدر شردیادو نے آج صاف طور پر کہا کہ نتیش کمار دوبارہ بہار کے وزیر اعلیٰ نہیں بنیں گے ۔ شردیادو نے اخبار نوسیوں سے بات چیت میں کہا کہ نتیش کمار کا استعفیٰ دینا ضروری ہوگیا تھا، حالانکہ ایسا قدم اٹھانا بڑا ہی جرات مندانہ فیصلہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ملک اور پارٹی کے مفاد کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل آج جے ڈی یو قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں مسٹر نتیش کمار کے دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے سے انکار کرنے کے بعد نئے لیڈر کو منتخب کرنے کے لئے مسٹر کمار کو اختیار دیا گیا تھا۔اس کے بعدمسٹر کمار نے مسٹر ماجھی کو قانون ساز پارٹی کا نیا لیڈر منتخبر کرلیا۔ مسٹر ماجھی 1980ء میں کانگریس کے ٹکٹ پر پہلی بار فتح پور(ریزرو) سیٹ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔ اس کے بعد1985میں ایک بار پھر ممبر منتخب ہوئے اور ریاست کے وزیر محصول بنائے گئے۔ مسٹرماجھی1996اور2000میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔ 2005میں نتیش حکومت بننے پر انہیں وزیربنایا گیا ۔ سال2010میں ایک بارپھر اسمبلی انتخابات جیتنے کے بعد انہیں ریاست کی درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کی بہبودکا وزیربنایا گیا۔دوسری جانب بہار کے گورنر ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل نے جنتادل (یو) کی قانون ساز پارٹی کے لیڈر جتن رام ماجھی کو حکومت بنانے کی دعوت دی ۔گورنر ہاؤس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گورنر نے جے ڈی یو کے حکومت بنانے کے دعویٰ پر غور کرنے کے بعد مسٹرماجھی کو حکومت بنانے کے لئے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسٹر ماجھی اور ان کی وزارتی کونسل کے ممبران کل5بجے گورنر ہاؤس کے احاطے میں عہدے اور رازداری کا حلف لیں گے۔

Nitish selects Jitan Ram Manjhi as new Bihar CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں