عشرت انکاؤنٹر - امیت شاہ کے خلاف درخواست مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-16

عشرت انکاؤنٹر - امیت شاہ کے خلاف درخواست مسترد

احمدآباد
یو این آئی/پی ٹی آئی
سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے قریبی مددگار اور گجرات کے سابق وزیر امیت شاہ کو عشرت جہاں انکاؤنٹر کیس میں ملزم بنانے کے لئے دائر کی گئی درخواست کو آج مسترد کردیا ۔ 2004میں ہوئے اس انکاؤنٹر میں عشرت جہاں کے ساتھ تین دیگر افرادکو قتل کردیا گیا ھا ۔ انکاؤنٹر میں مارے جانے والے جاوید شیخ عرف پرنیش پلئی کے والد گوپی ناتھ پلئی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے بعد خصوصی سی بی آئی عدالت کی جج گیتا گوپی نے ان کی درخواست کو مسترد کردیا اور اس کے بجائے جج نے امیت شاہ و سابق پولیس افسر کے آر کو شک کو انکاؤنٹر میں ملزم بنانے کے خلاف سی بی آئی کی دلیل کو قبول کرلیا ۔ واضح رہے کہ7مئی کو سی بی آئی نے عدالت کے سامنے ایک جواب داخل کیا تھاجس میں سی بی آئی نے امیت شاہ کو جو فی الحال پارٹی کے اترپردیش یونٹ کے انچارج ہیں یہ کہتے ہوئے کلین چٹ دے دی تھی کہ ان کے خلاف کافی شواہد موجود نہیں ہیں۔ سی بی آئی نے سابق پولیس افسر کوشک کے سلسلے میں بھی یہی دلیل دی تھی۔ یاد رہے کہ3دیگر افراد جاوید شیخ ، ذیشان جوہر اور امجد رانا کے ساتھ عشرت جہاں کو احمدآباد کے مضافات میں گجرات پ ولیس کے ایک مبینہ انکاؤنٹر کے دوران15جون2004کو قتل کردیا گیا تھا۔ بعد میں گجرات پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ چاروں لشکر طیبہ کے کارکن تھے جو چیف منسٹر نریندر مودی کو قتل کرنے کے مشن پر تھے ۔ اپنی چارج شیٹ میں سی بی آئی نے اس انکاؤنٹر کو آئی بی اور گجرات پولیس کی مشترکہ کاروائی قرار دیا تھا ۔جون2013میں داخل کی گئی پہلی فرد جرم میں سی بی آئی نے 8پولیس عہدیداروں کا نام درج کیا تھا جبکہ اس سال فروری میں داخل کی گئی اپنی ضمنی چارج شیٹ میں سی بی آئی نے آئی بی کے چار سینئر افسروں کو نامزد کیا تھا جن میں اس وقت گجرات میں آئی بی کے اسپیشل ڈائریکٹر راجیندر کمار کا نا م بھی شامل ہے ۔

Ishrat case: Court dismisses plea against Amit Shah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں