مسلمانوں کے حق میں بولتا رہوں گا - ملائم سنگھ یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-09

مسلمانوں کے حق میں بولتا رہوں گا - ملائم سنگھ یادو

بلیا
یو این آئی
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے الیکشن کمیشن پر آج تنقید کرتے ہوئے اسے چیلنج کیا کہ وہ مسلمانوں کے حق میں بولنے پر ان پر امتناع عائد کرکے دکھائے ۔ سماج وادی پارٹی کے تئیں الیکشن کمیشن کا رویہ جانبدارانہ ہے ۔ الیکشن کمیشن نے اعظم خاں اورامیت شاہ پر ایک ساتھ امتناع عائد کیا مگر شاہ پر عائد امتناع برخاست کیا گیا جب کہ اعظم خاں پر امتناع برقرار ہے ۔ یادو نے کہا کہ خاں نے صرف مسلمانوں کے حق میں بیان دیا اور کمیشن نے ان پر امتناع عائد کیا ۔ میں ہر روز مسلمانوں کے حق میں بیانات دے رہا ہوں اورالیکشن کمیشن میرے خلاف امتناع عائد کرنے کی جسارت کرکے دکھائے۔ یادو نے سابق وزیر اعظم چندر شیکھر کے فرزندپارٹی کے امیدوار نیرج شیکھر کے حق میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندو ،مسلمان،سکھ اور عیسائی اس ملک کے باعزت شہری ہیں اور انہیں مساوی حقوق حاصل ہیں ۔ حکومت اور دیگر افرادمسلمانوں کو دوسرے درجہ کا شہری کیوں متصور کرتے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ سچر کمیشن کی رپورٹ میں بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک کے مسلمانوں کی حالت قابل رحم ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بھی بدتر ہے۔ انتخابات کے بعدمرکز ایس پی کی زیر قیادت تیسرے محاذ کی ایک حکومت تشکیل پائے گی اور وہ فوری سچر کمیشن کی سفارشات پر عمل کرے گی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مسلمانوں کو ان کے آبادی کے تناسب کے لحاظ سے سرکاری ملازمتوں میں تحفظات دئیے جائیں گے ۔ کانگریس اور بی جے پی دونوں مسلمانوں کی دشمن ہیں۔اگر بی جے پی برملا مسلمانوں کی مخالفت کرتی ہے تو کانگریس بھی خاموشی کے ساتھ ایسا ہی کرتی ہے ۔ کانگریس نے لگ بھگ55سال تک ملک پر حکومت کی ۔ مگر اس نے مسلمانوں کی بھلائی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے الزام عائدکیا کہ کانگریس،مسلمانوں کو اپنے ووٹ بینک سے زیادہ کچھ متصور نہیں کرتی۔

EC must ban me too as I speak for Muslims: Mulayam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں