ترون گوگوئی کا آسام میں تشدد زدہ اضلاع کا دورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-08

ترون گوگوئی کا آسام میں تشدد زدہ اضلاع کا دورہ

بھنگر پاڑ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے آج تشدد زدہ ضلع بخشا اور کوکرا جھار کا دورہ کیا اور وہاں کے عوام کو سیکورٹی فراہم کرنے کا تقین دیا ۔ اسی دوران آج مزید 5نعشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے ساتھ ہی مہلوکین کی تعداد41تک پہنچ گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گوگوئی نے بعض ریلیف کیمپوں بشمول بال پاڑہ میں ریلیف کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کی ۔ عوام نے انہیں بتایا کہ ان پر کئے گئے حملہ میں بی ایل ٹی کے خود سپرد انتہا پسند ملوث ہیں جنہیں مبینہ طور پر فارسٹ گارڈس کی مدد حاصل تھی ۔ اگرچیکہ ریاستی حکومت نے جڑواں حملوں کے لئے ممنوعہ این ڈی ایف بی(ایس) کور موردِ الزام ٹھہرایا ہے ۔ لیکن متاثرہ عوام کا دعویٰ ہے کہ یہ کانگریس کی اتحادی شراکت دار بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ کی انتقامی کاروائی تھی کیوں کہ انہوں نے ریاست میں گزشتہ ماہ منعقد لوک سبھا انتخابات کے دوران غیربوڈو امیدوار کو ووٹ دیا تھا۔ متاثرین نے جوگریہ و زاری کررہے تھے مطالبہ کیا کہ تحفظ کے لئے ان کے مواضعات کو لائسنس یافتہ اسلحہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ان کے علاقوں کو خود اختیار بوڈولینڈ ٹیریٹوریل آٹونومس ڈسٹرکٹ(ڈی ٹی اے ڈی) سے علیحدہ کردیا جائے جہاں سابق بی ایل ٹی قائدین کا انتظامیہہے جو اب بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ قائم کرچکے ہیں ۔ اسی دوران آج صبح دریائے بیکی سے پانچ نعشیں برآمد کی گئیں ۔ یہ دریا ضلع بخشا سے نکلتی ہے ۔ ان نعشوں کی ہنوز شناخت نہیں ہوسکی ہے جن میں ایک10سالہ لڑکی کی نعش بھی شامل ہے جس کے سر پر گولیوں کے زخم ہیں۔3نعشیں ضلع بارپینا سے برآمد کی گئیں جب کہ دو پڑوسی ضلع بخشا سے نکالی گئیں ۔ بخشا کے ڈپٹی کمشنر ونودسیشن نے کہا کہ ہم نے سرکاری طور پر ابھی نعشوں کی شناخت نہیں کی ہے لیکن ان کے خاندانوں نے ان کی شناخت کرلی ہے اور ان کا تعلق متاثرہ علاقوں سے بتایا گیا ہے۔

Gogoi visits violence hit districts, 5 more bodies recovered

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں