وارانسی اور اعظم گڑھ میں انتخابی مہم میں شدت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-08

وارانسی اور اعظم گڑھ میں انتخابی مہم میں شدت

لکھنؤ
یو این آئی
16ویں لوک سبھا کے انتخابات کے لئے آخری مرحلہ میں وارانسی اور اعظم گڑھ سمیت اتر پردیش کی18سیٹوں پر انتخابی مہم اپنے شباب پر ہے ۔ ریاست کی وارانسی اور اعظم گڑھ سیٹوں پر ملک بھرکی نگاہیں مرکوز ہیں ۔ وارانسی سے بی جے پی کے وزیر اعظم کے عہدہ کے امیدوار نریندر مودی اور اعظم گڑھ سے سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو الیکشن لڑ رہے ہیں۔مودی گجرات کے ودودرا اور یادو اتر پردیش کے مین پوری لوک سبھا سیٹ سے بھی امیدوار ہیں۔ الیکشن کے آخری مرحلہ میں پروانچل کی18سیٹوں پر12مئی کو ووٹنگ ہوگی ۔ یادو کی جیت یقینی بنانے کے لئے ان کے دو بھائی اور ایس پی سینئر لیڈر رام گوپال یادو اور شیو پال یادو وہیں مقیم ہیں جب کہ مودی کل وارانسی پہونچیں گے اور تشہیر کی مدت ختم ہونے تک وہیں رہیں گے ۔ شدید گرمی کے باوجود انتخابی مہم میں کوئی کمی نہیں ہے ۔ بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ آج اعظم گڑھ ،بلیا، غازی پور ، رابرٹس گنج اور لال گنج میں انتخابی جلسہ کو خطاب کررہے ہیں جب کہ جھار کھنڈکے سابق چیف منسٹر ارجن منڈا،فلم اداکارہ ہیما مالنی ، اداکاروویک اوبرائے بھی مودی کے لئے ووٹ مانگیں گے ۔ کشی نگر اور دیوریا میں بھوجپوری گلوکار منوج تیواری کا جلسہ ہے تو کانگریس قائد غلام نبی آزاد اور ستیہ درت چترویدی وارانسی میں مقیم ہیں۔ امیٹھی میں ووٹنگ ختم ہونے کے بعد کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کل سے پروانچل کا دورہ کریں گے ۔ فلم اداکار راج ببر ، پارلیمانی امور کے وزیرمملکت راجیو شکلا فلم اداکارہ امیشا پٹیل بھی پروانچل پہنچ رہی ہیں ۔ وارانسی سے کانگریس امیدوار اجے رائے کی حمایت میں کوئلہ کے مرکزی وزیر شر ی پرکاش جیسوال روڈ شو کریں گے تو ایس پی کے صدر ملائم سنگھ یادو، چیف منسٹر اکھلیش یادو ، بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایا وتی اپنی اپنی پارٹیوں کے امیدواروں کے حق میں ریالیاں کریں گے۔ پروانچل کی15سیٹوں پر آج ووٹنگ ہورہی ہے جب کہ18سیٹوں پر ووٹنگ آخری مرحلہ میں12مئی کو ہوگی ۔ پروانچل کی کل33سیٹوں میں لوک سبھا کے گزشتہ انتخابات میں کانگریس اور بی ایس پی کو 10-10بی جے پی کو چار ایس پی کو نوسیٹیں ملی تھیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں