اگزٹ پولس - این ڈی اے کی کامیابی کی پیش قیاسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-13

اگزٹ پولس - این ڈی اے کی کامیابی کی پیش قیاسی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کے بعد آج رات پیش کردہ ایکزٹ پولس میں مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت بننے کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور نریندر مودی زیر قیادت اتحاد کو249تا290سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے جو543رکنی لوک سبھا میں نصف ہندسہ کے آس پاس ہے۔ حکمراں کانگریس زیر قیادت یو پی اے کو101اور148کے درمیان سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے جب کہ علاقائی جماعتوں اور بائیں محاذ کے بشمول دیگر کو146اور156کے درمیان سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ نویں اور آخری مرحلہ کے انتخاات ختم ہونے کے بعد ٹی وی چیانلس پر یہ ایکزٹ پولس دکھائے گئے ۔ نیوز24چیانل کے لئے ٹوڈیز چانکیہ کے پول میں این ڈی اے کے لئے340یوپی اے کے لئے70اور دیگر کے لئے133نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ٹائمس ناؤ کے لئے او آڑ جی کی جانب سے کئے گئے سروے میں این ڈی اے کو249اور یو پی اے کو148اور دیگر کو146سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ سی این این آئی بی این کے لئے سی ایس ڈی ایس کے سروے میں این ڈی اے کو270اور282نشستیں دی گئی جب کہ یوپی اے کو92تا102سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ اسی سروے میں کہا گیا کہ بی جے پی کو تنہا230اور242کے درمیان سیٹیں ملیں گی جب کہ کانگریس کو72اور82کے درمیان سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ہیڈ لائٹس ٹوڈے کے لئے آئی ٹی جی ۔ سسیرو کے سروے میں اندازہ ظاہر کیا گیا کہ این ڈی اے کو272(11نشستوں کی کمی یا زیادتی کے ساتھ)یو پی اے کو115(پانچ نشستوں کی کمی یا زیادتی کے ساتھ)اور دیگر کو156سیٹیں ملیں گی ۔ انڈ یا ٹی وی کے سی ووٹر سروے میں این ڈی اے کو289سیٹیں یو پی اے کو101اور دیگر کو153سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اے بی پی نیوز نیلسن کے پول میں این ڈی اے کو281نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے جب کہ یوپی اے کو97سیٹیں دی گئی ہیں اور دیگر کو165سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ جنوب بالخصوص کیرالہ ، کرناٹک تلنگانہ سے کانگریس کے لئے اچھی خبریں ہیں۔ کیرالا میں20سیٹوں میں سے کانگریس زیر قیادت یو ڈی ایف کو11تا14ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے جب کہ کرناٹک میں کانگریس کو28سیٹوں میں سے تقریباً نصف ملنے کی بات کہی گئی ہے ۔ ٹاملناڈو میں اے آئی ڈی ایم کے اچھا مظاہرہ کرے گی جب کہ ایک سروے میں اسے39میں سے31سیٹیں دی گئی ہیں۔مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس اچھا مظاہرہ کرے گی ۔ اسے42نشستوں میں سے31 ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ مختلف پولس میں کہا گیا کہ بی جے پی اہم ریاست اترپردیش میں متاثر کن مظاہرہ کرے گی جہاں پارٹی کو80میں سے50سے زائد سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ دوسری اہم ریاست بہار میں بی جے پی کے اچھے مظاہرے کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور ایک چیانل نے اسے40میں سے28سیٹیں دی ہیں۔ دہلی میں جہاں7نشستیں ہیں بی جے پی کے لئے تمام سرویز میں کلین سویپ کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ بعض سرویز میں عام آدمی پارٹی کو ایک تا دو نشستیں دی گئی ہیں۔ مہاراشٹر میں جہاں48سیٹیں ہیں بی جے پی اور شیوسینا کو30سے زائد نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ایسی پیش قیاسی کی گئی ہے کہ مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں بی جے پی سویپ کرے گی ، راجستھان میں اسے تمام25نشستیں دی گئی ہیں۔

Exit polls predict NDA government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں