سیما آندھرا میں تلگو دیشم کی بے مثال کامیابی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-13

سیما آندھرا میں تلگو دیشم کی بے مثال کامیابی

سیما آندھرا میں شہری مجالس مقامی کے انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی کی زبردست کامیابی کو صدر تلگو دیشم این چندرابابو نائیڈو نے تاریخی قرار دیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ عوام نے تلگو دیشم پارٹی کو واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے ، کیوں کہ وہ جان گئے ہیں کہ صرف یہی پارٹی ریاست کی ترقی کو یقینی بناسکتی ہیں ۔ پارٹی کے عظیم الشان انتخابی مظاہرے کوانہوں نے عوام کی جیت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام نے کرپٹ سیاست دانوں کو نہ بھولنے والا سبق سکھایا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو یہاں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے تلگو دیشم پارٹی پرا عتماد کے اظہار کے لئے عوام سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی کے گزشتہ 10سالہ دور حکومت میں عوام کو انتہائی شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔ نت نئے مسائل کے باعث عام آدمی کی زندگی انتہائی دشوار ہوگئی ۔ غرض کانگریس کایہ دور غلط حکمرانی اور کرپشن سے عبارت رہا ۔ اس دور میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ، جس کے نتیجہ میں عام آدمی ناقابل برداشت بوجھ تلے دب گیا ۔ انہوں نے استدلال کیا کہ تلگو دیشم پارٹی کو تلنگانہ میں کامیابی اس لئے نہیں ملی ،کیونکہ عوام کامانناہے کہ کانگریس پارٹی نے علیحدہ ریاست کی تشکیل عمل میں لائی، کانگریس نے انہیں تلنگانہ کا تحفہ دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی تلنگانہ ریاست کی تعمیر نو کے جدو جہد جاری رکھی گی ۔ سیما آندھرا پارٹی کو7کارپوریشنوں کے منجملہ5پر جب کہ93بلدیات کے منجملہ62پر فقید المثال کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ بلدی انتخابات 30مارچ کو منعقد ہوئے تھے، جن کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا۔ پارٹی کو تلنگانہ میں53بلدیات کے منجملہ صرف6پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ صدرتلگو دیشم نے امید ظاہر کی کہ ان کی پارٹی دیہی مجالس مقامی( ضلع پریشد و منڈل پریشد) اور اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں بھی زبردست کامیابی حاصل کرے گی ۔ ضلع پریشد و منڈل پریشد کے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی منگل ہوگی ۔کاکیناڈا سے موصولہ اطلاع کے بموجب راجمندری میونسپل کارپوریشن ،7بلدیات اور3نگر پنچایتوں کے بشمول11شہری مجالس مقامی کے انتخابات میں جس کے نتائج کا آج اعلان کردیا گیا ، تلگو دیشم پارٹی نے عملاً اپنی حریف جماعتوں کا صفایا کردیا ہے۔ پارٹی کو گولا پرولو اورمومیڈی وارم نگرپنچایتوں کے سوا تمام مقامی اداروں پر زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔2مقامات پر تلگو دیشم اور وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے درمیان مقابلہ برابر کر رہا ۔ راجمندری میونسپل کارپوریشن میں50ڈویژن ہیں، جن میں34پر تلگو دیشم نے قبضہ کرلیا ہے ، جب کہ اس کی قریبی حریف وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو صرف8نشستیں حاصل ہوئی ہیں ۔ 5نشستوں پر آزادامیدوار کامیاب ہوئے، جب کہ کانگریس ، بی جے پی اور بی ایس پی کو صرف ایک ایک نشست پر اکتفا کرنا پڑا۔ بلدیات میں قابل ذکر املا پورم ہے، جہاں کی30نشستوں کے منجملہ22پر تلگو دیشم کا قبضہ ہوگیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو7نشستیں ملی ہیں اور ماباقی ایک نشست آزاد امیدوار کو حاصل ہوئی۔ توفی بلدیہ میں 30وارڈس پر تلگو دیشم پارٹی کے امیدواروں کا قبضہ ہوگیا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو6وارڈس حاصل ہوئے اور ایک وارڈ پر آزاد امیدوارکو کامیابی ملی ۔ سامل کوٹ بلدیہ کے30وارڈس میں24پر تلگو دیشم پارٹی نے کامیابی حاصل کرلی ، جب کہ ماباقی نشستوں پر جگن کے امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ مندا پیٹ بلدیہ کے29وارڈس میں تلگو دیشم پارٹی کے امیدواروں کو18وارڈس حاصل ہوئے ، جب کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے11وارڈس پر کامیابی حاصل کی۔ رام چندرا پورم بلدیہ کے27وارڈس میں17وارڈس پر تلگو دیشم کاقبضہ ہوگیا ۔ وائی ایس آرکانگریس پارٹی کو9وارڈس ملے اور ایک پر آزاد امیدوارکو کامیابی ملی ۔ پداپورم بلدیہ کے انتخابات میں بھی تلگو دیشم پارٹی کے حق میں ہی فیصلہ ہوا ہے ۔ اس نے28وارڈس کے منجملہ 21پر اپنا قبضہ جمالیا ہے ۔ جگن پارٹی کو صرف4وارڈس ملے ہیں ، سی پی آئی ایم کو ایک اور آزادامیدواروں کے حصے میں2وارڈس آئے ہیں ۔ یلیش ورم نگر پنچایت کی20نشستوں کے منجملہ10پر تلگو دیشم کو کامیابی ملی،9پر وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے امیدواروں نے قبضہ جمالیا ۔ جب کہ ایک وارڈ کانگریس کو حاصل ہوا ہے۔ اسی طرح گولا پرولونگر پنچایتوں کے20وارڈس میں تلگو دیشم اور وائی ایس آرکانگریس پارٹی کو10،10وارڈس حاصل ہوئے ہیں ۔ مومیڈی پنچایت میں بھی20وارڈس ہیں، جہاں تلگو دیشم اوروائی ایس آر کانگریس پارٹی کو8,8وارڈس پر کامیابی ملی ، جب کہ4وارڈس پر آزاد امیداروں کا قبضہ ہوگیا ہے ۔ یہاں پر بھی مقابلہ برابری کا ہی رہے گا، کیوں کہ4آزادامیدواروں میں ہر دو نے الگ الگ جماعتوں کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔

Civic polls: TDP wins big in Seemandhra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں