تلگو دیشم کا صفایا کرنے والی کانگریس کا ہی صفایا ہو گیا - نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-18

تلگو دیشم کا صفایا کرنے والی کانگریس کا ہی صفایا ہو گیا - نائیڈو

حیدرآباد
ایس این بی
تلگو دیشم پارٹی سربراہ این چندرابابونائیڈو نے آج اپنے افراد خاندان کے ہمراہ این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر بانی تلگو دیشم آنجہانی قائد این ٹی راما راؤ کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کوئی بھی پروگرام شرو ع کرنے سے قبل آنجہانی این ٹی راما راؤ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور تلگو دیشم پارٹی ہمیشہ آنجہانی قائد کو یاد رکھے گی ۔ انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ اس نے ریاست کی تقسیم کے ذریعہ تلگو دیشم پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی لیکن خود کانگریس کا ہی سیما آندھرا اور تلنگانہ سے صفایا ہوگیا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے عہد کیا کہ وہ ریاست کی تقسیم کے بعد تلگو عوام کو دوبارہ خوشحال کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں تلنگانہ اور سیما آندھرا کو ترقی دینے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ کو سماجی تلنگانہ اور سیما آندھرا کو سورنا آندھرا پردیش میں تبدیل کریں گے ۔ ٹی ڈی پی سربراہ نے ملک سے کانگریس پارٹی کے صفایا کو نیک شگون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام نے کانگریس پارٹی کو بہتر سبق سکھایا ہے ۔ اس موقع پر چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ پارٹی قائدین ٹی سرینواس یادو ، ٹی، کرشناریڈی اور دیگر موجود تھے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے وائی ایس آر کانگریس پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ وائی ایس آرکانگریس کے سربراہ جگن موہن ریڈی نے تلگو دیشم پارٹی کو ناکام بنانے کے لئے کئی ایک سازشیں رچیں اور بدعنوانیوں کے ذریعہ لوٹی ہوئی رقم شراب کے لئے تقسیم کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ لیکن عوام نے کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس دونوں جماعتوں کو مسترد کردیا اور تلگو دیشم کو اقتدار سونپا ۔ انہوں نے تلگو دیشم عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سیما آندھرا عوام نے جن توقعات کے ساتھ تلگو دیشم پارٹی کو اقتدار سونپا ہے وہ ان کی توقعات کو پورا کریں گے اور انتخابی منشور میں شامل تمام وعدوں کی تکمیل کی جائے گی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے اس بات کا دعویٰ کیا کہ وہ سیما آندھرا کے پہلے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے سیما آندھرا کو سنہرے آندھرا پردیش میں تبدیل کریں گے ۔ انہوں نے پارٹی کیڈر پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے حکومت سے رجوع ہوں۔

BJP-TDP combine wipes out Congress in Seemandhra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں