یوپی اے کی حلیف جماعتوں کو عوامی غصہ کا سامنا - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-18

یوپی اے کی حلیف جماعتوں کو عوامی غصہ کا سامنا - مایاوتی

لکھنو
پی ٹی آئی
لوک سبھا انتخابات میں بدترین مظاہرہ کے بعد جس میں ان کی پارٹی کھاتہ کھولنے میں بھی ناکام رہی بی ایس پی ، سربراہ مایا وتی نے آج کہا کہ مرکز میں یوپی اے حکومت کی تائید کرنے والی جماعتوں کو کانگریس زیر قیادت اتحاد کے تئیں عوام کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ مایاوتی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ 16ویں لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی غیر معمولی کامیابی سے اشارہ ملتا ہے کہ جن جماعتوں نے فرقہ وارانہ طاقتوں کو روکنے مرکز کی یوپی اے حکومت کی تائید کی تھی، انہیں عوام کی برہمی کی قیمت چکانی پڑی ہے۔ ملک کے عوام یوپی اے کی پالیسیوں سے سخت ناراض تھے ۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ انتخابات کے لئے ان کی پارٹی کی حکمت عملی اور پالیسی میں کوئی غلطی نہیں تھی ۔ انہیں یقین تھا کہ دلت ووٹ بینک مستحکم ہے۔ انتخابات میں ان کی پارٹی کے ناقص مظاہروں کے لئے انہوں نے بی جے پی اور دیگر جماعتوں کے گمراہ کن پروپیگنڈہ ، مسلمانوں، دیگرپسماندہ طبقات اور اونچی ذاتوں میں الجھن اور فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنے بھگوا جماعت کی کوششوں کو ذمہ دار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہماری پارٹی ملک میں کسی بھی نشست پر کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے ۔ ہماری پارٹی بی ایس پی یہ محسوس کرتی ہے کہ اس کے لئے بی جے پی، کانگریس، سماج وادی پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی منصوبہ بد سازش، حکمت عملی اور مختلف قسم کا پروپیگنڈہ ذمہ دار ہے ۔ مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ مغربی اتر پردیش کے مسلم غلبہ والے علاقوں میں بی جے پی کے ریاستی انچارج امیت شاہ نے ایک سازش کے تحت اشتعال انگیز تقاریر کی تھیں تاکہ انتخابات کو فرقہ وارانہ رنگ دیا جاسکے ۔ اس کے بعد پسماندہ طباقت اور اعلیٰ ذاتوں کے افراد کی کثیر تعداد نے بی ایس پی کے ساتھ بی جے پی کو ووٹ دئیے۔

Parties close to UPA paid for public anger against Cong: Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں