چندرشیکھر راؤ - تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر بننے کی راہ ہموار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-18

چندرشیکھر راؤ - تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر بننے کی راہ ہموار

KCR-to-become-1st-Telangana-CM
حیدرآباد
آئی اے این ایس
تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے نو منتخب ارکان اسمبلی نے آج متفقہ طور پر کے چندر شیکھر راؤ کو اپنا قائد منتخب کرلیا ہے ۔ پارٹی کے نو منتخب ارکان اسمبلی و ارکان پارلیمنٹ کے ایک مشترکہ اجلاس میں پارٹی سربراہ کے چندر سیکھر راؤ کو ٹی آر ایس مقننہ پارٹی پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا یا ۔ اس طرح تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر بننے کے لئے کے سی آر کے سامنے راستہ ہموار ہوچکا ہے ۔ تلنگانہ2جون کو ملک کی29ویں ریاست بن جائے گا اور کے چندر شیکھر راؤ اس کے پہلے چیف منسٹر ہوں گے۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس جنرل سکریٹری کے کیشوراؤ نے کہا کہ صدر راج کی برخواستگی اور نئی اسمبلی کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کی حلف برداری کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ آندھر اپردیش ، سردست صدر راج کے تحت ہے ، اور یہ ریاست 2جون کو دو ریاستوں میں رسمی طور پر تقسیم ہونے والی ہے ۔ کیشوراؤ نے بتایا کہ رکن اسمبلی راجیا نے چند ر شیکھر راؤ کا نام ٹی آر ایس مقننہ پارٹی قائد کے لئے تجویز کیا اور دیگر ارکان نے اس کی تائید کی ۔ تمام ارکان نے علیحدہ تلنگانہ کی تحریک میں پارٹی سربراہ کے ادا کردہ رول کی کھل کر ستائش کی اور احساس ظاہر کیا کہ کے چندر شیکھر راؤ کو ہی نئی ریاست کی قیادت کرنی چاہئے ۔ واضح ہو کہ تلنگانہ کے119اسمبلی حلقوں میں63حلقوں پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوچکا ہے ۔ پارٹی کو علاقہ کی17لوک سبھا نشستوں کے منجملہ11پر شاندار کامیابی ملی ہے۔ ٹی آر ایس قائدین ،ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے اتوار کے دن ملاقات کریں گے اور کے چندر شیکھر راؤ کو ٹی آر ایس مقننہ پارٹی کا صدر منتخب کرنے کے لئے منظورہ قرار داد کے بارے میں مطلع کریں گے ۔ پارٹی کے ارکان پالیمنٹ نے ایک اور علیحدہ قرار داد بھی منظور کی جس کے تحت کے چندر شیکھر راؤ کو اس بات کا مجاز قرار دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قائد کو ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا سربراہ منتخب کریں۔ کے چندر شیکھر راؤ نے قبل ازیں اجلاس سے تقریباً ایک گھنٹہ طویل اپنی تقریر میں تمام نو منتخب ارکان اسمبلی و ارکان پار لیمنٹ کومشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی کے لئے خود کو وقف کردیں۔ انہوں نیا رکان پر سادگی اور ایمانداری اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذات پات سے اوپر اٹھ کر کام کریں۔ سینئر ٹی آر ایس قائد ای راجندر نے کہا کہ فلاح و بہہود ٹی آر ایس حکومت کی پہلی ترجیح ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے80فیصد عوام دیہی علاقوں میں رہتے بستے ہیں اسی لئے حکومت زرعی شعبہ پر توجہ مرکوز کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اپنے تمام انتخابی وعدے پورے کرے گی جس میں کسانوں کے قرض کی معافی بھی شامل ہے ۔

KCR to become the first Chief Minister of Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں