تلنگانہ ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کیا جائے گا - صدر پردیش کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-10

تلنگانہ ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کیا جائے گا - صدر پردیش کانگریس

حیدرآباد۔
(ایس این بی)
صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پی لکشمیا نے آج اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تلنگانہ ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کریں گے۔ ضلع ورنگل کے حلقہ اسمبلی جنگاؤں سے مسلسل پانچویں مرتبہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے اعزاز کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لکشمیا نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کو صرف کانگریس حکومت ہی ترقی عطا کرسکتی ہے۔ تلنگانہ ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل نہ کرنے کے عزم کے اظہار کے ساتھ پی لکشمیا نے کہاکہ تلنگانہ میں موجود قدرتی وسائل سے عوام کو فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس نے جل یگنم کے ذریعہ ریاست کو سرسبز و شاداب کرنے کیلئے کئی پروجیکٹس کی تعمیرات کو یقینی بنایا۔ جبکہ صدر کل ہند کانگریس سونیا گاندھی نے مختلف فلاحی اسکیمات کے ذریعہ غرباء، کسانوں اور خواتین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھرنے کیلئے ان کی معاشی حالت کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ تشکیل تلنگانہ کا سہرا سونیا گاندھی کے سر باندھتے ہوئے لکشمیا نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل صرف سونیا گاندھی کے جرائتمندانہ اقدام کا نتیجہ ہے۔ تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو ٹی آرایس کی جانب سے نظر انداز کئے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پی لکشمیا نے ٹی آرایس کو کمرشیل پارٹی سے تعبیر کیا اور کہاکہ جو پارٹی تشکیل تلنگانہ کیلئے اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں پیش کرنے والے شہیدوں کے ارکان خاندان کو فراموش کردے کمرشیل پارٹی ہونے کی اس سے زیادہ بدترین مثال اور نہیں ہوسکتی۔ لکشمیا نے کہاکہ کے سی آر نے پارٹی کے وفادار قائدین کو نظراندازکرتے ہوئے تلنگانہ تحریک کے دوران تشکیل تلنگانہ کی پرزور مخالف کرنے والے مخالفین تلنگانہ کو ٹکٹ فراہم کیا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا صرف تین ارکان پارلیمان کے ذریعہ ٹی آر ایس تلنگانہ حاصل کرسکتی تھی، انہوں نے کہاکہ سونیا گاندھی نے شہدائے تلنگانہ کی قربانیوں کا خیال کرتے ہوئے اور عوام کے جذبات کو محسوس کرنے کے بعد تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنایا ہے، اور یہ سونیا گاندھی کا اہل تلنگانہ پر عظیم احسان ہے اور اس احسان کا بدلہ کانگریس کے حق میں ووٹ دے کر ادا کیا جاسکتا ہے۔ لکشمیا نے کہاکہ کانگریس کے 10سالہ دور حکومت میں مختلف اسکیمات کے ذریعہ غرباء کو دو وقت کی روٹی، تعمیر امکنہ و وظائف کی تقسیم اور دیگر کئی اقدامات روبہ عمل لائے گئے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں