ممبئی اور مضافات کے مسلم علاقوں میں جوش و خروش سے رائے دہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-25

ممبئی اور مضافات کے مسلم علاقوں میں جوش و خروش سے رائے دہی

ممبئی کے 6 پارلیمانی حلقے میں 53.26 فی صد جبکہ بھیونڈی میں 43 فی صد اور کلیان میں 42 فی صد پولنگ ہوئی۔

ممبئی کے 6 پارلیمانی حلقوں کے علاوہ بھیونڈی اور کلیان میں بھی پولنگ پر امن طور پر اختتام کو پہنچی ۔ ممبئ کے 6 پارلیمانی حلقوں میں 98 لاکھ 98 ہزار 4 سو (53.26فی صد( رائے دہندگان نے 117 امیدواروں کا فیصلہ ای وی ایم میں بند کیا ، 16 مئی کو ان کی قسمت کے فیصلے کا اعلان ہوگا۔ چند پولنگ بوتھوں میں ای وی ایم کی خرابی اور ووٹر لسٹ میں نام غائب اور سلپ نہ ملنے کی شکایت کے علاوہ کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ سخت دھوپ اور گرمی میں رائےدہندگا ن گھر سے نکلے اور اپنے جمہوری حق کا استعمال کیا ۔ صبح 7 بجے سست رفتاری کے ساتھ ووٹنگ شروع ہوئی ۔ 11 بجے تک ممبئی میں 10 اور بھیونڈی میں24.16 فی صد پولنگ ہوئی مگر دوپہر بعد مدن پورہ ، کُرلا ، جوگیشوری ، مالونی ملاڈ پٹھان واری ، ممبرا ، چیتا کیمپ ، دھاراوی اور دیگر مسلم علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ گھر سے نکلے اور اپنے جمہوری حق کااستعمال کیا۔
بھیونڈی کے کالہیر علاقے میں جہاں کانگریس اور بی جے پی کے رضاکاروں میں ہلکی جھڑپ ہوئی وہیں پائل ٹاکیز کے پاس بھی ایم این ایس کا کام کر رہے بی جے پی کے سابق ضلعی صدر سدھیشورکامورتی اور بی جے پی کے رضاکاروں میں ہاتھا پائی ہوئی ۔ صدر سدھیشورکامورتی نے اخباری نامہ نگاروں کو بتایاکہ وہ اپنے آفس میں بیٹھے ہوئے تھے اس وقت بی جے پی کے صلعی صدر مہیش چوگلےکے ساتھ 20 – 25 لوگ ڈنڈا وغیرہ لے کر پہنچے اور ان پر حملہ کر دیا ۔ اس حملہ میں سدھیشورکامورتی کے سر اور ناک میں شیدید چوٹ لگنے کے سبب انہیں آئی جی ایم اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
باندرہ میں سپر اسٹار ریکھا کے ساتھ ودیا بالن ، عامر خان ، سونم کپور، سنی دیول، پریش راول اور دھرمیندر نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ فلم اسٹار ودیا بالن نے سب سے پہلے ووٹ دیا ۔ اپنے حق کا استعمال کرنے کے بعد سوپر اسٹار عامرخان نے کہا کہ " ایک ہندوستانی شہری ہونے کے ناطےمیری ذمہ داری ہے کہ میں ووٹ کروں۔"
ممبئی کے مختلف حلقوں میں پولنگ فی صد اس طرح رہا۔
ممبئی نارتھ - 26 : 52 فیصد پولنگ ہوئی ۔
ممبئی نارتھ ویسٹ- 27 : 50 فیصد پولنگ ہوئی۔
ممبئی نارتھ ایسٹ – 28 : 53 فیصد پولنگ ہوئی۔
ممبئی نارتھ سینٹرل – 29 : 52 فیصد پولنگ ہوئی۔
ممبئی ساؤتھ سینٹرل – 30 : 55 فیصد پولنگ ہوئی۔
ساؤتھ ممبئی – 31 : 54 فیصد پولنگ ہوئی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں