کرافورڈ مارکیٹ جامع مسجد میں تفہیم شریعت ورکشاپ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-21

کرافورڈ مارکیٹ جامع مسجد میں تفہیم شریعت ورکشاپ

طب کا مقصد خدمت تھا لیکن کارپوریٹ سیکٹر نے نفع بخش تجارت بنا دیا
کرافورڈ مارکیٹ جامع مسجد میں تفہیم شریعت ورکشاپ میں آخری دن مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے تاجروں اور ڈاکٹروں سے خطاب کیا
یہاں واقع قدیم اور تاریخی جامع مسجد ۔ عبدالرحمٰن اسٹریٹ میں تفہیم شریعت ورکشاپ میں آخری دن بزرگ عالم دین مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے تاجروں اور ڈاکٹروں سے خطاب کیا اور شریعت نے سرمایہ کاری اور طب جیسے خدمت خلق کے پیشے کے لئے کیا ضابطے متعین کئے ہیں اور کس طرح شریعت مطاہر ہ نے رہنمائی کی ہے اسے واضح تفصیل سےبتایا
مولانا نے حاضرین کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ " مسلمانوں کے لئے یہ بات کافی نہیں کہ وہ صرف اپنی عبادت میں احکامات شریعت کے پابند رہیں بلکہ ضروری ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں میں اسلامی تعلیمات کے پابند رہیں اور تمام کاموں کو احکامات شریعت کے دائرے میں انجام دیں۔ یہ اللہ رب العزت کا فرض ہے کہ اس امت کو ایسی شریعت دی گئی ہے جس نے زندگی کے کسی گوشہ کو تاریک نہیں رکھا ۔"
اتوار کو نمازِ ظہر کے بعد مولانا نے ڈاکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ " طب و علاج ایک مقدس پیشہ ہے جس کا اصل مقصد خدمت ہے نہ کہ کثرِ معاش ، مگر بدقسمتی سے اس وقت کارپوریٹ سیکٹر نے اس کو نفع بخش تجارت بنا رکھا ہے ۔ مختلف پہلوؤں سے کمیشن کی وصولی اور بلا ضرورت میڈیکل ٹیسٹ نے علاج کو اس قدر گراں کر دیا ہے کہ متوسط آمدنی کے لوگوں کے لئے بھی علاج ایک دشوار ترین بات ہو گئی ہے ۔ " مولانا رحمانی صاحب نے جدید میڈیکل مسائل کے اہم نکات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ " اسلامی اصولوں کے مطابق میڈیکل انشورنس کا نظام قائم کیا جا سکتا ہے ۔ مسلم ڈاکٹرز اور مسلمانوں کے زیر انتظام مختلف اسپتال باہم مل کر اسلامی اصولوں کے مطابق میڈیکل انشورنس قائم کر سکتے ہیں۔ "
ظہر کی نماز سے قبل تاجروں اور سرمایہ داروں کی نشست ہوئی جس میں تجارت ایکسپورٹ ، امپورٹ ، خرید و فروخت اور شیئر مارکیٹ وغیرہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ نیز مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ موجودہ حالات میں قانونی طور پر اسلامک بینکینگ کی گنجائش پیدا نہیں کی گئی ہے۔ مسلمان اسلامی اصولوں کے مطابق اس طرح سرمایہ کاری کر سکتے ہیں جو شریعت کے مطابق بھی ہو اور جس میں نقصان کا خطرہ کم سے کم ہو ۔
مفتی اشفاق قاضی نے نظامت کے ساتھ افتتاحی کلمات کہے اور ڈاکٹر عبد الرؤ ف سمار نے کلمات تشکر اد ا کئے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں