(آئی اے این ایس)
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کل 8 عہدیداروں کو انتخابی ڈیوٹی سے ہٹانے الیکشن کمیشن کے احکام ماننے سے انکارکردیاتھا اور کہا تھا کہ وہ جب تک عہدہ پر فائز ہیں ان عہدیداروں کو کوئی بھی ان کے عہدے سے نہیں ہٹاسکتا لیکن ریاستی حکومت نے آج الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔ چیف الکٹورل آفیسر کے دفتری ذرائع نے بتایاکہ چیف سکریٹری سنجے مترا نے الیکشن کمیشن کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے استدلال پیش کیا ہے کہ ان عہدیداروں کو ہٹانے سے نظم و ضبط کے مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے ان عہدیداروں کے تبادلہ کے احکام پر نظر ثانی کرنے کی گذارش کی۔ الیکشن کمیشن نے کل مغربی بنگال کے 8عہدیداروں کے تبادلہ کا حکم دیاتھا جن میں ڈسٹرکٹ پولیس کے 5پولیس سربراہان اورایک ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھی شامل تھے۔ الیکشن کمیشن نے ریاستی حکومت سے کہاتھا کہ وہ منگل تک ان احکام کو روبعمل لائے۔ بہرحال ممتا بنرجی نے ان ہدایات کو ماننے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ جیل جانے کیلئے بھی تیار ہیں۔ کمیشن کے اجلاس کا ملہ نے ریاستی عہدیداروں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ وسیع تر مشاورت کے بعد گذشتہ روزریاستی چیف سکریٹری کو یہ احکام جاری کئے تھے۔ مغربی مدنا پور ، بردوان، بیر بھوم، مالدہ ضلع شمالی 24پرگنہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس اور شمالی 24 پرگنہ کے ضلع مجسٹریٹ کے تبادلہ کے احکام جاری کئے گئے تھے۔ دو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس سمیت 7عہدیدار جنہیں کل دن میں عہدے سے ہٹادیاگیا تھا، انہیں انتخابی ڈیوٹی سے بھی چھٹی دے دی گئی تھی جب کہ ضلع بیر بھوم کے سپرنٹنڈنٹ پولیس آلوک راجوریہ کا ضلع جھرگرام کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کے مخلوعہ عہدے پر تبادلہ کیاگیاتھا۔ اسی دوران موصولہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر مغربی بنگال و ترنمول کانگریس قائد ممتا بنرجی نے آج الیکشن کمیشن پر جانبداری برتنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پارٹی کے پوسٹرس اور بینر نکالے جارہے ہیں لیکن اپوزیشن کے پوسٹرس کو ہاتھ تک نہیں لگایاجارہاہے۔ ہماری بارہا شکایات کے باوجود الیکشن کمیشن کوئی کارروائی نہیں کررہا ہے۔ وہ جانبدارانہ انداز میں کام کررہا ہے۔ ممتا بنرجی نے ضلع پرولیہ کے کروکشیلاعلاقہ میں پارٹی کی ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں غریب پس منظر سے تعلق رکھتی ہوں اور ہمیشہ مظلوموں کی حمایت میں آواز اٹھائی ہوں اسی لئے مجھے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کل ریاستی حکومت کے 8 عہدیداروں کا الیکشن ڈیوٹی سے تبادلہ کرنے، الیکشن کمیشن کے احکام ماننے سے انکار کردیاتھا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے احکام کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ چاہے تو ہمیں جیل میں ڈال دیں۔ میں بحیثیت چیف منسٹر ایک بھی عہدیدار کا تبادلہ نہیں کروں گی۔ ممتا بنرجی نے کانگریس زیر قیادت مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ریاست بالخصوص ماؤسٹوں سے متاثرہ علاقہ جنگل محل میں گڑ بڑ پیدا کرنے کی سازش رچ رہی ہیں۔
Will transfer officials, Mamata govt tells EC
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں