آندھرا پردیش - چندرشیکھر راؤ اور وشویشور ریڈی کے اثاثہ جات کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-12

آندھرا پردیش - چندرشیکھر راؤ اور وشویشور ریڈی کے اثاثہ جات کا اعلان

حیدرآباد۔
(یو این آئی)
صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے چندر شیکھر راؤ نے جنہوں نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 9 اپریل کے موقع پر حلقہ لوک سبھا میدک سے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے، جملہ 16کروڑ 49لاکھ 82ہزار 464 روپئے کے اثاثوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ یا ان کے خاندان میں کسی فرد کے پاس ذاتی کار نہیں ہے تاہم دلچسپی کی بات یہ ہے کہ ٹی آرایس کا انتخابی نشان "کار" ہے۔ کے سی آر نے اثاثوں سے متعلق جو حلف نامہ داخل کیا ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ وہ 9لاکھ 90ہزار روپئے نقد رقم کے مالک ہیں۔ انہوں نے مالیاتی سال 2012-13 کے دوران اپنی آمدنی 6لاکھ 59ہزار 684 روپئے ظاہر کی ہے۔ ٹی آرایس سربراہ نے اپنے حلف نامہ میں اپنا پیشہ تجارت اور زراعت بتایا ہے۔ انہوں نے قرض کے منجملہ 7کروڑ روپئے کی منقولہ جائیدادیں بتائیں۔ حلفنامہ کے بموجب کے سی آر 1لاکھ 80ہزار روپئے مالیتی 60گرام زیورات کے مالک ہیں جبکہ ان کی اہلیہ شوبھا کے پاس 1لاکھ 50ہزار نقد رقم موجودہے اور وہ 19لاکھ 50ہزار مالیتی 650 گرام جواہرات رکھتی ہیں۔ کے سی آر کے خلاف دومقدمات زیر التوا ہیں۔ متعلقہ عدالتوں میں قابل سزا جرائم کے تحت ان کے خلاف الزامات بھی عائد کئے جاچکے ہیں جن کی سزا 2سال تک ہوسکتی ہے۔ حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کے ٹی آر ایس امیدار کونڈا وشویشور ریڈی نے اپنے اور ارکان خاندان کے 528 کروڑ روپئے کے اثاثوں کا اعلان کیا ہے اس طرح وہ تلنگانہ میں سب سے دولتمند ترین سیاستداں بن کر سامنے آئے۔ الیکشن کمیشن میں داخل کردہ حلفنامہ کے بموجب وشویشور ریڈی جو اپولو ہاسپٹلس کے مالک پرتاپ سی ریڈی کے داماد ہیں 528 کروڑ 62لاکھ 30ہزار 210روپئے مالیتی اثاثوں کے مالک ہیں جن میں نقد رقم، طلائی زیورات اور مختلف کمپنیوں میں شیرز اور منقولہ جائیدادیں شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے حلفنامہ میں مزید بتایاکہ وہ 171کروڑ 72لاکھ 69ہزار 324 مالیتی اثاثے رکھتے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ سنگیتا ریڈی جو اپولو ہاسپٹلس کی منیجنگ ڈائرکٹر ہیں243 کروڑ 72لاکھ 40ہزار 262روپئے مالیتی اثاثوں کی مالک ہیں۔ ان کے 3بیٹے مجموعی طورپر 63کروڑ 90لاکھ 60ہزار 724 روپے کے اثاثے رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے اثاثوں کا بڑا حصہ اپولو ہاسپٹلس میں شیرز پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ ان کا خاندان آندھراپیٹرو، آندھرا شوگرز، سیٹا ڈل ریسرچ اینڈ سلوشنس، اسٹیفنس ڈیزائن اینڈ انجینئرنگ ہیلتھ کیر(انڈیا)لمیٹیڈ، ڈاکٹر ریڈیز لیابس، کے اے آر آٹو پرائیوٹ لمیٹیڈ، سیٹاڈل اگرو پرائیوٹ لمٹیڈ اور اڈوینچر ٹریلس انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ میں کروڑہا روپئے کے شیرز رکھتا ہے۔ وہ 50 ایکڑ زرعی اراضی کے مالک ہے اور بنجارہ ہلز میں رہائشی و تجارتی عمارتیں بھی ان کے اثاثوں میں شامل ہیں۔ وشویشور ریڈی کی بیوی کے پاس 3کروڑ روپئے مالیتی طلائی زیورات اور ہیرے جواہرات ہیں۔ انہوں نے کئی بنکوں اور مالیاتی اداروں سے بھی 86لاکھ روپئے کا قرض لے کر رکھا ہے جب کہ ان کی اہلیہ کے سر پر 6.56 کروڑ روپئے کا قرض ہے۔

Vishweshwar Reddy richest man in T, KCR has no car

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں