(یو این آئی)
علاقہ تلنگانہ میں سخت اور چلچلاتی دھوپ میں جبکہ درجہ حرارت روزانہ 40ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، سیاسی قائدین کیلئے انتخابی مہم چلانا دشوار ثابت ہورہا ہے اور انہیں شدید دھوپ کے پیش نظر اپنی غذائی عادتوں میں تبدیلی لانے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے۔ وہ صرف ایسی غذا استعمال کررہے ہیں جو آسانی سے ہضم ہوجائے یا پھر پھلوں کے رس کا زیادہ استعمال کررہے ہیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی سے محفوظ رہ سکیں۔ قائدین میں ان دنوں پھلوں کے رس وٹامن اور منرل سپلیمنٹ مقبول ہیں کیونکہ انہیں شدید گرمی اور مٹی دھول میں مہم چلانی پڑرہی ہے۔ قائدین زیادہ تر تلسی اور پودینہ کا پانی یا انار کا رس استعمال کررہے ہیں۔ صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کی غذا صرف راگی امبلی اور اڈلی تک محدود ہے جبکہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی زیادہ تر پھلوں کا رس استعمال کررہے ہیں۔ ٹی آرایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ دودھ اور اڈلی پر اکتفا کررہے ہیں۔ سیما آندھراپردیش کانگریس صدر این راگھویرا ریڈی راگی سنگٹی (رائلسیما کا ایک پکوان) اور چکن کا استعمال کررہے ہیں۔ سی پی آئی کے ریاستی یونٹ صثر اور حلقہ لوک سبھا کھمم کے امیدوار ڈاکٹر کے نارائنا بھی چکن کے مختلف پکوانوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ قائدین چونکہ انتخابی مہم پر ہیں اس لئے عوام کو ان کی کھانے کی عادتوں کے بارے میں بہت کچھ معلوم ہوتا جارہا ہے۔ یہ قائدین ہمیشہ چاق و چوبند رہنے کیلئے اپنی غذائی عادتوں پر سختی سے قائم رہتے ہیں تراکہ اپنے حامیوں کے درمیان ہمیشہ مسکراتے رہیں اور کبھی بیمار نہ پڑیں۔ یہاں ان قائدین کا تذکرہ کیا جارہا ہے جو اپنی انتخابی مہم کے دوران مختلف غذائی عادتوں کو اپنائے ہوئے ہیں۔ صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کی عمر 64سال ہے۔ ان کی صبح ورزش، یوگا اور دھیان گیان سے ہوتی ہے۔ ملک کا ہر سیاسی قائد ان چیزوں کا عادی ہوتا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو ناشتہ میں صرف 2اڈلیاں اور بٹر ملک لیتے ہیں۔ اگر اڈلی نہ ہوتو راگی سنگٹی کو ترجیح دیتے ہیں۔ دوپہر کے کھانے میں بھی دال کے ساتھ راگی سنگٹی لیتے ہیں جبکہ رات میں اُپما یا پونگل ان کی ترجیح ہوتی ہے۔ وہ دن بھر میں پانی سے زیادہ بٹر ملک پیتے ہیں جبکہ چائے اور کافی سے بالکل پرہیز کرتے ہیں۔ گذشتہ سال اپنی طویل پدیاترا کے دوران انہوں نے تلسی اور پودینہ کے علاوہ چقندر کے رس کا زیادہ استعمال کیا تھا تاکہ اپنی قوت مدافعت برقرار رکھی جاسکے۔ وہ بعض اوقات پارٹی کارکنوں اور قائدین کے ساتھ لنچ کرتے ہیں۔صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی عمر 42 برس ہے۔ وہ ناشہ میں پھلوں کے رس کے ساتھ چائے کا استعمال کرتے ہیں تاکہ اشہا کو بڑھایاجاسکے۔ اس کے بعد ناشتہ میں اڈلی اور اُپما وغیرہ لیتے ہیں تاہم تیل والی اشیاء جیسے دوسہ اور وڈا سے پرہیز کرتے ہیں۔ وہ اکثر و بیشتر لنچ گول کرجاتے ہیں تاہم گھر پرہوتے ہیں تو گوشت کو ترجیح دیتے ہیں یا پھر سفر میں ہوتوں انار کا جوس اور خشک میوہ جات کے ساتھ پھلکا اور دہی لیتے ہیں۔ جب وہ مسلسل حرکت میں ہوتے ہیں تو آرینج پیپرمنٹس کا مسلسل استعمال کرتے ہیں۔ ٹی آرایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی عمر 60سال ہے۔ وہ صبح ناشتہ میں دود اور اڈلی کھاتے ہیں۔ جگن کی طرح وہ بھی کم ہی کھاتے ہیں تاہم موسمی پھلوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ سیتاپھل ان کا مرغوب پھل ہے۔ دوپہر میں وہ مصالحہ دار سالن اور ویج اور نان ویج اشیاء کے ساتھ چاول اور روٹی لیتے ہیں۔ لنچ کے بعد بڑی مقدار میں انار کا رس پیتے ہیں۔ کے سی آر اپنی شاموں کے بارے میں بی جانے جاتے ہیں۔ اس موقع پر ایک گلاس کے ساتھ سموسے اور پکوڑے ان کی عادتوں میں شامل ہیں۔ سیما آندھرا کے صدر پردیش کانگریس این رگھوویرا ریڈی کی عمر 57 برس ہے۔ وہ رائلسیما کے ضلع اننت پور سے تعلق رکھتے ہیں اور شہر بنگلور ان کے آبائی مقام سے بہت قریب ہے۔ وہ اپنی نان ویج غذائی عادتوں کیلئے جانے جاتے ہیں۔ وہ ناشتہ میں اڈلی اور دوسہ لیتے ہیں اور اس کے ساتھ بڑی مقدار میں پھل اور میٹھا بھی کھاتے ہیں۔ لنچ میں راگی سنگٹی اور چکن کا استعمال کرتے ہیں۔ وہ رات میں کافی صحتمند غذا کا استعمال کرتے ہیں جس میں دہی چاول، مصالحہ دار سالن، راگی سنگٹی اور دگر اشیاء شامل ہوتی ہیں۔ وہ رات کا کھانا ہمیشہ دوستوں اور رشتہ داروں کے ہمراہ کھاتے ہیں۔ وہ اپنے زیادہ تر دن بنگلور میں گزارتے ہیں جہاں ان کی کئی ہوٹلیں ہیں اور ان کی پسند کے پکوان عام طورپر چند منٹوں میں حاضر کردئیے جاتے ہیں۔ بی جے پی کے تلنگانہ صدر جی کشن ریڈی کی عمر 49 برس ہے۔ ان کے کھانے پینے کی عادتیں کچھ خاص نہیں ہیورا اگر کوئی ان کے ساتھ کہیں باہر گھومنے نکلتا ہے تواسے عام طورپ فاقہ کرنا پڑتا ہے۔ ناشتہ، لنچ اور رات کے کھانے میں وہ صرف جوار کی روٹیاں کھاتے ہیں۔ اس کے ساتھ کبھی کبھی چاول، سامبر اور دہی کا استعمال کرتے ہیں۔ وہ خوش خوراک نہیں ہیں اور پینے کھانے کے معاملہ میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ انتخابی مہم کے دوران و بٹر ملک، پھلوں کے رس اور دہی چاول کو ترجیح دے رہے ہیں۔ وہ بہت تیزی سے کھاتے ہیں۔ عام طورپر لنچ ہو یا ڈنر یا پھر ناشتہ وہ صرف 5تا10منٹ میں اپنا کھانا مکمل کرلیتے ہیں۔ سی پی آئی کے ریاستی یونٹ کے صدر ڈاکٹر کے نارائنا کی عمر 62سال ہے۔ وہ مصالحہ دار تیز پکوانوں کے شائق ہیں۔ بالخصوص چکن اور اڈلی ناشتہ کی مرغوب غذا ہے۔ اس کے علاوہ راگی جاوایا کارن فلیکس یا پھر کافی بھی لیتے ہیں۔ انہوں نے ایک مرتبہ گاندھی جینتی کے موقع پر چکن کھالیا تھا۔ اس موقع پر قسم کھائی تھی کہ وہ آئندہ زندگی میں چکن کا استعمال کبھی نہیں کریں گے تاہم ان کی یہ قسم ان کی شہرت کا باعث بن گئی اور اب وہ جہاں بھی جاتے ہیں انہیں صرف چکن کے پکوان پیش کئے جاتے ہیں۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں