کریم نگر میں کانگریس کی انتخابی مہم - سونیا گاندھی کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-17

کریم نگر میں کانگریس کی انتخابی مہم - سونیا گاندھی کا خطاب

صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کریم نگر میں ایک زبردست جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ چکا ہے کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کو ذمہ داری کے ساتھ چلایا جائے ، اسلیے عوام کو چاہیے کہ وہ امن کی برقراری اور ترقی کے لیے کانگریس پارٹی کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں گذشتہ 60 سالہ جدوجہد کے بعد آپ کے خوابوں کا تلنگانہ حاصل ہونے کے جشن میں آپ کے ساتھ شریک ہوں۔
انتخابی جلسہ کریم نگر ٹاؤن کے امبیڈکر اسٹڈیم میں منعقد کیا گیا۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ 2/ جون کو تلنگانہ ملک کی 29 ویں ریاست بن جائے گی۔ جن لوگوں نے تلنگانہ کے قیام کے لیے جان کی قربانی دی میں ان شہیدوں کو سلام کرتی ہوں۔ تلنگانہ قیام میں تاخیر اس لیے ہوئی کہ ہم نے اتفاق رائے پیدا کرنے اور دوسرے فریق کو منانے میں کافی وقت لیا۔ مگر بالآخر آپ کو آپ کا حق مل گیا ہے۔ کانگریس کے بغیر کبھی تلنگانہ بن نہیں سکتا تھا ، پارلیمنٹ میں بل بھی اسی نے پیش کیا اور بل کو کامیاب بھی اسی نے بنایا جبکہ بی جے پی ، وائی ایس آر کانگریس اور تلگو دیشم نے بل کو روکنے کی کوشش کی۔
مسز گاندھی نے سیما آندھرا کے ساتھ دوستانہ تعلق برقرار رکھنے کی بھی ضرورت ظاہر کی۔ اور روشن مستقبل ، امن و امان ، سماجی انصاف اور معاشی ترقی کے ایک نئے دور کے لیے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔

Sonia gandhi election compaign in karimnagar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں