بھونگیر کے انتخابی جلسے سے وزیر اعظم کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-27

بھونگیر کے انتخابی جلسے سے وزیر اعظم کا خطاب

ضلع نلگنڈہ کے بھونگیر ٹاؤن میں کانگریس کی ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا کہ چند بی جے پی قائدین اپنے بیانات کے ذریعہ سماج کو تقسیم کرنے کی برسرعام کوشش کر رہے ہیں۔ بی جے پی بعد ازاں ان بیانات سے دوری اختیار کر لیتی ہے تاہم میں سمجھتا ہوں کہ یہ سماج کو منقسم کرنے کی ایک کوشش ہے اور یہ بات بی جے پی کی سیاست کا جز لاینفک ہے۔ بی جے پی سمجھتی ہے کہ تقسیم کی سیاست انہیں فائدہ پہنچائے گی۔ عوام فیصلہ کر لیں کہ آیا وہ چاہتے ہیں کہ ایک ایسی پارٹی حکومت تشکیل دے جو سماج کو تقسیم کرتی ہے اور ایک فرقہ کو دوسرے فرقہ سے بھڑکا دیتی ہے۔ مودی کا نام لیے بغیر ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کی انتخابی مہم صرف ایک شخص کے گرد گھوم رہی ہے۔ زعفرانی جماعت کی مہم صرف ایک شخص پر مرکوز ہے جو بڑی بڑی باتیں کر رہے ہیں جن کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ وہ بڑے بڑے ایسے وعدے بھی کر رہے ہیں جو کبھی پورے نہیں کیے جا سکتے۔
منموہن سنگھ نے اپنے خطاب سے قبل تلنگانہ عوام کو علیحدہ ریاست کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی جستجو سے تلنگانہ عوام کا دیرینہ خواب پورا ہوا ہے۔ تشکیل تلنگانہ کا تمام تر سہرا کانگریس پارٹی کے سر ہے۔ کئی چھوٹی جماعتیں تلنگانہ کا سہرا اپنے سر لینا چاہتی ہیں جبکہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ تلنگانہ کس نے تشکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی قیادت میں کانگریس کو ہی دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا اور کانگریس ہی واحد جماعت ہے جو عوام کے روشن مستقبل کو یقینی بنائے گی۔

BJP's hidden agenda to provoke communal clashes: PM addressing Bhongir rally

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں