(یو این آئی)
نکسلائٹس نے بستر لوک سبھا حلقہ کے سکما اور بیجا پور اضلاع میں جہاں کل ووٹ ڈالے جانے والے ہیں دو حملے کرتے ہوئے بارودی سرنگ دھماکہ کیا اور سکیورٹی فورسس پر حملہ کردیا جس میں سی آر پی ایف کی کوبرا بٹالین کے 3جوان ہلاک اور 6زخمی ہوگئے ان میں ایک ڈپٹی کمانڈر بھی شامل ہے۔ پہلے واقعہ میں جو سکما ضلع میں پیش آیا نکسلائٹس نے سی آر پی کی کوبرا بٹالین پر اُس وقت اندھا دھند فائرنگ کردی جب یہ پارٹی برکا پال سے انتخابی عملہ کو چھوڑنے کے بعد واپس ہورہی تھی۔ سکما ایڈیشنل ایس پی نیرج چندر کر نے بتایاکہ تقریباً100 نکسلائٹس نے تین طرف سے سی آر پی ایف کی پارٹی کو گھیرلیا اور فائرنگ کردی جس میں 3 کمانڈو ہلاک اور 3دیگر بشمول ایک ڈپٹی کمانڈنٹ زخمی ہوگئے۔ سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس نے اس حملہ کے بعد نکسلائٹس کو تلاش کرنے کیلئے بڑے پیمانہ پر مہم شروع کردی ہے۔ سی آر پی ایف کے مہلوک کمانڈوز کی چندر کانت گھوش، نرسمہا اوررنبیر کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمانڈنٹ آر کے سنگھ زخمی ہپیں۔ کوبرا بٹالین جگدلپور میں مقیم ہے۔ بستر کے انسپکٹر جنرل ارون دیو گوتم نے بتایاکہ واقعہ صبح10:30 بجے پیش آیا۔ جنگلاتی علاقہ کا فائدہ اٹھاکر انتہا پسندوں نے عملہ پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ عملہ کے ساتھ ایک گھنٹہ کی لڑائی کے بعد باغی وہاں سے فرار ہوگئے اور عملہ سے کافی اسلحہ بھی لوٹ لیا۔ دوسرا واقعہ پڑوسی بیجاپور میں پیش آیاجہاں نکسلائٹس نے دو طاقتور دھماکے کئے۔ ان دھماکوں میں 2 سی آر پی ایف جوان زخمی ہوگئے۔ عہدیداروں نے بتایاکہ گشتی پارٹی تلاشی مہم میں مصروف تھی کہ دو دھماکے کنگلور موضع کے قریب ہوئے۔ یہ پارٹی پولنگ عملہ گزرنے سے پہلے سڑک کی صفائی میں مصروف تھی۔ بیجاپور میں ایس پی پرشانت اگروال نے بتایاکہ 85 ویں بٹالین کے انسپکٹر رمیش لال اور کانسٹبل پشپ راج زخمی ہوئے ہیں دونوں کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ چھتیس گڑھ میں کل رائے دہی ہونے والی ہے۔
Naxal attack in Chhattisgarh
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں