تیسرے مرحلہ میں 91 لوک سبھا حلقوں کیلئے آج رائے دہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-10

تیسرے مرحلہ میں 91 لوک سبھا حلقوں کیلئے آج رائے دہی

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی۔ یو این آئی)
16 ویں لوک سبھا کے لئے تیسرے مرحلہ میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام 4 علاقوں کی 91 نشستوں کیلئے کل پولنگ ہوگی اور اس کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ دہلی، ہریانہ، بہار، اترپردیش، کیرالا، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا اور چندی گڑھ میں ہونے والی اس رائے دہی میں مرکزی وزراء کمل ناتھ، کپل سبل، ششی تھرور، اجے ماکن، کرشنا تیرتھ، اجیت سنگھ کے علاوہ لوک سبھا اسپیکر میرا کمار اور بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری کے سیاسی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ ان کے علاوہ گاندھی جی کے پوتے راج موہن گاندھی، سابق مرکزی وزیر پون کمار بنسل، کانگریس کے ترجمان اور اداکار راج ببر، جیہ پردہ، نغمہ اور آرمی کے سابق سربراہ وی کے سنگھ اور بی جے پی کی ترجمان میناکشی لیکھی کی قسمت کا فیصلہ بھی کل الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہوجائے گا۔ کل کیرالا کی تمام دس نشستوں دہلی کی تمام 7، بہار کی 6، جھارکھنڈ کی 4 اور چھتیس گڑھ، لکشا دیپ، چندی گڑھ اور جموں و کشمیر اور انڈمان و نکوبار کی ایک ایک نشست کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تیسرے مرحلہ میں اڈیشہ کی 10نشتوں کے علاوہ اسمبلی کی 70 نشستوں کیلئے بھی انتخابات ہوں گے۔ میزوروم کی واحد لوک سبھا نشست کیلئے اب 11اپریل کو پولنگ ہوگی۔ اروناچل پردیش میں لوک سبھا کی دو نشستوں کے علاوہ اسمبلی کیلئے بھی پولنگ ہوی۔ دہلی کی 7 لوک سبھا نشستوں میں چاندنی چوک، مشرقی دہلی، جنوبی دہلی، شمال مشرقی دہلی، مغربی دہلی اور نئی دہلی شامل ہیں۔ ان میں صرف شمال مغرب نشست محفوظ ہے جبکہ دیگر نشستیں عام ہیں۔ دہلی میں مقابلہ، آپ، بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہے۔ چاندنی چوک میں کانگریس کے کپل سبل کا مقابلہ آپ کے اشوتوش اور بی جے پی کے ہرش وردھن سے ہے جبکہ مشرقی دہلی میں آپ کے راج موہن گاندھی، کانگریس کے سندیپ ڈکشت اور بی جے پی کے مہیش گری، مغربی دہلی سے آپ کے جرنیل سنگھ، کانگریس کے مہابل مشرا اور بی جے پی کے پرویش ورما، شمال مشرقی دہلی سے آپ کے آنندکمار، بی جے پی کے منوج تیواری اور کانگریس کے جے پرکاش اگروال، شمال مغربی دہلی سے کانگریس کی کرشنا تیرتھ، بی جے پی کے ادت راج اور آپ کی راکھی برلا کے درمیان مقابلہ ہے۔ نئی دہلی سے کانگریس کے اجے ماکن، بی جے پی کے میناکشی لیکھی اور آپ کے آشیش کھیتان کے درمیان مقابلہ ہے۔ جنوبی دہلی سے بی جے پی کے رمیش بدھوڑی، کانگریس کے رمیش کمار اور آپ کے کرنل دیویندر سہراوت سے مقابلہ ہے۔

Voting begins for 91 seats in 11 states and 3 Union territories

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں